بنگلادیش میں بدامنی کا ذمہ دار بھارت ہے، وزیراعظم طارق رحمان
چٹاگانگ میں سابق چیف ایڈوائزر محمد یونس کے آبائی گھر کو بھی آگ لگا دی گئی۔

ڈھاکا: بنگلادیش میں سابق حکمران جماعت عوامی لیگ کے حامیوں کی پرتشدد کارروائیوں کے بعد وزیراعظم طارق رحمان نے ملک میں جاری بدامنی کا ذمہ دار بھارت کو قرار دیتے ہوئے تشدد میں ملوث عناصر کے خلاف کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے۔
غیر ملکی خبررساں ایجنسی کے مطابق بنگلادیش میں کشیدگی اس وقت بڑھ گئی جب اگست 2024 میں طلبہ تحریک کے نتیجے میں اقتدار سے محروم ہونے کے بعد بھارت میں جلاوطنی اختیار کرنے والی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ نے دسمبر میں وطن واپسی کا اعلان کیا۔
عوامی لیگ نے شیخ حسینہ کے نئے پاسپورٹ کی درخواست مسترد کیے جانے کے خلاف ہفتہ بھر سے جاری احتجاجی مہم اور ریلیوں کے اختتام پر جمعرات کو ملک گیر لاک ڈاؤن کی کال دی تھی۔ رپورٹ کے مطابق ہڑتال کی کوشش جنوبی اضلاع میں زیادہ کامیاب رہی جہاں عوامی لیگ کا اثر و رسوخ نمایاں ہے۔
وزیراعظم طارق رحمان نے بنگلادیش سے باہر موجود عوامی لیگ کے رہنماؤں پر تشدد کو ہوا دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کبھی بنگلادیش اور عوام کے مفادات کو ترجیح نہیں دی۔
شمالی ضلع لال مونیرہاٹ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے بھارت کا نام لیے بغیر کہا کہ سرحد پار موجود ملک، جہاں یہ رہنما فرار ہوئے، ان کا آقا ہے اور اسے خوش کرنے کے لیے بنگلادیش اور عوام کے خلاف سازشیں کی جا رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق بدھ کی شب حکمران جماعت بنگلادیش نیشنلسٹ پارٹی (بی این پی) کے دو ارکان کو قتل کردیا گیا، جبکہ شیخ حسینہ کے آبائی ضلع گوپال گنج میں بی این پی کے دو ارکان پارلیمنٹ کے گھروں میں توڑ پھوڑ کے بعد آگ لگا دی گئی۔ عوامی لیگ کے حامیوں نے علاقے کے بازاروں پر حملے کرکے متعدد دکانوں کو بھی نقصان پہنچایا۔
چٹاگانگ میں سابق چیف ایڈوائزر محمد یونس کے آبائی گھر کو بھی آگ لگا دی گئی۔ پولیس کے مطابق آتش گیر مادہ بظاہر گراؤنڈ فلور کے ایک غیر استعمال شدہ کمرے میں پھینکا گیا، تاہم بالائی منزلوں پر مقیم خاندان کے افراد محفوظ رہے۔
پرتشدد واقعات کے دوران ریلوے لائن کے ایک حصے سمیت کم از کم 6 بسوں اور پک اپ وینز کو نذر آتش کیا گیا، جبکہ 6 اضلاع میں دیسی ساختہ بموں کے دھماکوں کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں۔
پولیس کے مطابق جمعرات کو ڈھاکا-چٹاگانگ شاہراہ پر ایک بس اور ٹرک کو بھی آگ لگا دی گئی، تاہم بس کے مسافر محفوظ رہے۔
بارڈر گارڈ بنگلادیش کے ترجمان نے بتایا کہ امن و امان کی صورتحال قابو میں رکھنے کے لیے 7 اضلاع میں 97 پلاٹون تعینات کی گئی ہیں، جن میں گوپال گنج اور فرید پور بھی شامل ہیں۔
ادھر پولیس نے ڈھاکا میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران عوامی لیگ اور اس کی ذیلی تنظیموں سے تعلق کے شبہے میں 107 افراد کو گرفتار کیا ہے، جن میں سابق وزیر تعلیم نورالاسلام ناہید بھی شامل ہیں۔



