زرداری اور شہباز شریف کا تمام معاملات مشاورت سے حل کرنے پر اتفاق

ایوان صدر سے جاری اعلامیے کے مطابق ملاقات میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔ اس موقع پر اتفاق کیا گیا کہ تمام معاملات پر مل بیٹھ کر مشاورت کے ذریعے حل تلاش کیا جائے گا۔
اعلامیے میں کہا گیا کہ ماضی میں آئینی ترامیم تمام اتحادی جماعتوں کی باہمی مشاورت سے کی گئیں، اسی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے آئندہ بھی تمام امور پر مل کر فیصلے کیے جائیں گے۔
ملاقات میں ملک کی سیاسی صورتحال کے علاوہ مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر بھی گفتگو ہوئی۔
دریں اثنا ایوان صدر میں پیپلز پارٹی کا اہم اجلاس بھی منعقد ہوا، جس میں صدر آصف علی زرداری، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری، فریال تالپور، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور سہیل انور سیال نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی بھی اجلاس میں شریک تھے۔
اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، بالخصوص متنازع امور پر غور کیا گیا، جبکہ حکومت کے ساتھ قانون سازی کے مختلف معاملات پر جاری بات چیت کے حوالے سے بھی مشاورت کی گئی۔ اجلاس میں نئے صوبوں کے قیام سے متعلق جاری بحث بھی زیر غور آئی۔



