سینٹ کام چیف کا اسرائیل اور سعودی عرب کا دورہ، سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال

اسرائیلی فوج کے مطابق ایڈمرل بریڈ کوپر نے اسرائیل کا دورہ کیا، جہاں اسرائیلی فوج کے چیف آف جنرل اسٹاف لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر اور موساد کے سربراہ رومن گوفمین کے ساتھ سہ فریقی ملاقات کی۔
بریڈ کوپر اور ایال ضمیر نے دونوں ممالک کی افواج کے اعلیٰ کمانڈرز کے ہمراہ مشترکہ سیکیورٹی صورتحال کا جامع جائزہ بھی لیا۔ اس موقع پر اسرائیلی فضائیہ کے سربراہ میجر جنرل اومر ٹشلر بھی موجود تھے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق ملاقات میں خطے کی تازہ پیش رفت اور مشترکہ سیکیورٹی چیلنجز پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
دوسری جانب سعودی خبر رساں ایجنسی کے مطابق امریکی سینٹ کام کے سربراہ ایڈمرل بریڈ کوپر نے ریاض میں سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کی، جس میں دونوں ممالک کے دوطرفہ تعلقات، بالخصوص عسکری تعاون اور علاقائی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
ایڈمرل بریڈ کوپر نے سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے بھی ملاقات کی، جس میں سعودی عرب اور امریکا کے درمیان دفاعی تعاون اور دوطرفہ تعلقات سے متعلق امور زیرِ بحث آئے۔



