بلاول بھٹو کی آئین اور جمہوریت کے نفاذ میں کارکردگی صفر ہے، طلال چوہدری

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ بلاول آئین کی اپنی مرضی کی شقیں موسم کے حساب سے نکالتے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انتظامی یونٹ بننے چاہئیں، لیکن جہاں کرپشن اور خراب طرزِ حکمرانی ہے وہاں صوبے کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ انتظامی یونٹوں کی ضرورت وہاں ہے جہاں خراب طرزِ حکمرانی ہو۔ تین صوبوں میں حکومت، پاکستان کا صدر اور چیئرمین سینیٹ پیپلز پارٹی سے تعلق رکھتے ہیں، اس طرح ملک میں 70 فیصد حکمرانی پیپلز پارٹی کے پاس ہے۔
طلال چوہدری نے بلاول بھٹو کے اس بیان پر بھی تنقید کی کہ ان سے زبردستی ووٹ ڈلوایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ووٹ دینے کے بعد معصوم بن کر کہا جاتا ہے کہ وہ اس فیصلے سے الگ تھے اور انہیں کچھ معلوم نہیں تھا۔ 1973ء کے آئین اور 18ویں ترمیم کے موقع پر بھی کسی وجہ سے ووٹ دیا گیا تھا، اب انتظامی یونٹوں کے معاملے پر بھی ووٹ دے کر بعد میں ایسی ہی پریس کانفرنس کی جا سکتی ہے۔
ن لیگی رہنما نے سوال کیا کہ کیا 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ سیاسی قیدی ہے؟ سیاست اور انتشار میں فرق ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی 190 ملین پاؤنڈ کیس میں سزا بھگت رہے ہیں، جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں وکلا تاخیری حربے استعمال کر رہے ہیں۔



