latest newsPolitics

نئے صوبوں کا آئیڈیا ہم نے نہیں دیا، اتفاق رائے پیدا کرنے والے آگے آئیں: رانا سکندر حیات

لاہور: وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے کہا ہے کہ ہم نے نئے صوبوں کا آئیڈیا نہیں دیا، جن لوگوں نے یہ تجویز پیش کی ہے وہ قومی اتفاق رائے پیدا کریں، نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث بیانات کے بجائے پارلیمنٹ میں ہونی چاہیے۔

جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے رانا سکندر حیات نے کہا کہ نئے صوبے بنانے سے زیادہ ضروری مضبوط بلدیاتی نظام ہے، اصل مسائل کا حل لوکل گورنمنٹ میں ہے۔ اگر بلدیاتی نظام مؤثر ہوتا تو نئے صوبوں کے قیام پر بات کرنے کی ضرورت ہی پیش نہ آتی۔ بلدیاتی نظام کی ناکامی میں تمام سیاسی جماعتیں شریک ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان اور انفرااسٹرکچر کی صورتحال سب سے بہتر ہے اور پنجاب ملک کا سب سے بڑا صوبہ ہونے کے باوجود بہتر انداز میں خدمات فراہم کر رہا ہے، اس لحاظ سے چھوٹے صوبوں کو بھی کارکردگی دکھانی چاہیے۔

رانا سکندر حیات کا کہنا تھا کہ انتظامی یونٹس یا نئے صوبے بنانا قومی قیادت کا اختیار ہے، تاہم اس حوالے سے فیصلہ نواز شریف اور قومی قیادت کرے گی۔ فی الحال پنجاب اسمبلی یا مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی نے نئے صوبوں کے قیام سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں کیا۔

وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ ہم نے نئے صوبوں کا تصور پیش نہیں کیا، جنہوں نے یہ تجویز دی ہے وہ اتفاق رائے پیدا کریں۔ قومی اتفاق رائے کے لیے صوبوں کے قیام سے متعلق بحث پارلیمنٹ میں کیوں نہیں لائی جاتی؟ بیانات دینے کے بجائے اس معاملے پر پارلیمان میں بات ہونی چاہیے۔

انہوں نے سوال اٹھایا کہ کیا افغانستان میں صوبوں کی تعداد زیادہ ہونے سے مسائل حل ہوگئے؟ چھوٹے صوبے لسانی بنیادوں پر نہیں بلکہ بہتر گورننس کے لیے بنائے جائیں تو کوئی حرج نہیں۔ اگر عوام نئے صوبوں کے قیام کو ضروری سمجھتے ہیں تو ان کی رائے کا احترام کیا جانا چاہیے۔

رانا سکندر حیات نے خون میں نہانے کی باتوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ ایسی باتیں تو سومنات کے مندر والے بھی کرتے رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button