latest newsPolitics

پیپلزپارٹی پنجاب کی تقسیم کی حامی تو سندھ کی مخالفت کیوں؟ ملک احمد خان

لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے پنجاب کی تقسیم سے متعلق قرارداد پر ووٹ دیا تھا، اب سندھ کی تقسیم کے معاملے پر خونریزی کی بات کس بنیاد پر کی جا رہی ہے؟

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ملک احمد خان نے کہا کہ نئے صوبوں کے قیام سے متعلق بات چیت جاری رہنی چاہیے، ریفرنڈم کا طریقہ آئین میں موجود ہے اور مذاکرات و مکالمے کے ذریعے مسائل کا حل نکالا جاسکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کی خوبی ہے کہ وہ بات سنتے ہیں، جبکہ بلاول بھٹو زرداری کی جانب سے سندھ وطنیت کی بات پر بھی بحث ہونی چاہیے۔ وحدت کی سوچ اور اس کے پس منظر کو بھی زیر بحث لانے کی ضرورت ہے۔

ملک احمد خان نے سوال اٹھایا کہ پیپلزپارٹی نے پنجاب کی تقسیم کی قرارداد کی حمایت کی تھی، تو اگر وہ سندھ کی تقسیم کی مخالفت کرتی ہے تو پنجاب کی تقسیم کی حمایت کیوں کرتی ہے؟

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے گزشتہ روز سندھ وطنیت کی بات کی، اس پر بھی بحث ہونی چاہیے۔ سندھ کی وحدت کے تصور اور اس کے تاریخی پس منظر کو بھی زیر بحث لانے کی ضرورت ہے۔

ملک احمد خان نے مزید کہا کہ کسی کے گھر کو جلانا یا تشدد کرنا سیاسی حق نہیں ہوسکتا۔ بلاول بھٹو کے پارلیمانی مؤقف اور حالیہ بیانات میں تضاد پر سوالات اٹھتے ہیں۔

لیگی رہنما نے عدالتی فیصلوں کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ بعض عدالتی فیصلوں نے جمہوری نظام کو نقصان پہنچایا۔ ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کا فیصلہ ملکی تاریخ کے بدترین فیصلوں میں شمار ہوتا ہے، جبکہ منتخب حکومتوں کے خاتمے سے متعلق عدالتی فیصلے بھی جمہوری نظام کے لیے نقصان دہ ثابت ہوئے۔

ملک احمد خان کے یہ بیانات نئے صوبوں کے قیام اور سندھ کی تقسیم سے متعلق جاری سیاسی بحث کے تناظر میں سامنے آئے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button