Businesslatest news
ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی جہاز پورٹ قاسم پہنچ گیا

کراچی: ملکی تاریخ کا سب سے بڑا ایل پی جی جہاز 15 ہزار میٹرک ٹن مائع پٹرولیم گیس (ایل پی جی) لے کر پورٹ قاسم پہنچ گیا، جسے ایل پی جی کی درآمد کے نئے نظام کے تحت پہلا بڑا کارگو قرار دیا گیا ہے۔
اس موقع پر پورٹ قاسم پر خصوصی تقریب منعقد ہوئی جس میں اسپیشل سیکرٹری پیٹرولیم مرزا ناصرالدین مشہود نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
اسپیشل سیکرٹری پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت عوام کو مناسب قیمت پر ایل پی جی کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ 15 ہزار میٹرک ٹن کا ریکارڈ کارگو ایل پی جی کے شعبے میں نئے دور کا آغاز ہے۔
جاری اعلامیے کے مطابق ماضی میں ریگولیٹری رکاوٹوں کے باعث سرکاری کمپنیاں ایل پی جی درآمد نہیں کر رہی تھیں، تاہم نئے نظام کے تحت درآمدات سے خصوصاً موسم سرما میں پہاڑی اور دور دراز علاقوں تک گیس کی فراہمی بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ آئندہ ہفتوں میں ایل پی جی کے مزید کارگوز پہنچنے کی توقع ہے، جس سے اوپن مارکیٹ میں گیس کی دستیابی بہتر ہوگی اور صارفین کو ریلیف مل سکے گا۔



