بظاہر عام نظر آنے والی تصویر دنیا کی 100 بااثر تصاویر میں کیسے شامل ہوئی؟

1932 میں کھینچی گئی اس بلیک اینڈ وائٹ تصویر کا عنوان Behind the Gare Saint-Lazare ہے، جس میں ایک شخص کو بارش کے بعد پانی سے بھرے مقام پر چھلانگ لگاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ تصویر میں اسے عین اس لمحے محفوظ کیا گیا ہے جب اس کی ایڑی پانی کی سطح کو چھونے والی ہوتی ہے۔

فوٹوگرافی کی دنیا میں اس تصویر کو ’’فیصلہ کن لمحے‘‘ (The Decisive Moment) کی بہترین مثال قرار دیا جاتا ہے۔ اس میں فوٹوگرافر نے ایک مختصر ترین لمحے میں انسانی حرکت، عکس اور پس منظر کے مختلف عناصر کو غیرمعمولی ہم آہنگی کے ساتھ کیمرے میں محفوظ کیا۔
تصویر کی خاص بات یہ بھی ہے کہ پانی کی سطح پر چھلانگ لگانے والے شخص کا عکس آئینے کی طرح دکھائی دیتا ہے، جبکہ پس منظر میں دیوار پر ایک رقاصہ کا پوسٹر موجود ہے، جس میں رقاصہ کا انداز چھلانگ لگاتے شخص کی حرکت سے حیرت انگیز مماثلت رکھتا ہے۔
ہنری کارٹیئر بریسن نے یہ تصویر تعمیراتی کام کے لیے لگائی گئی لکڑی کی باڑ میں موجود ایک شگاف کے ذریعے کیمرا گزار کر کھینچی تھی۔ اس دور کے جدید اور ہلکے 35 ملی میٹر کیمرے اور تیز شٹر اسپیڈ نے انہیں حرکت کے اس نازک لمحے کو محفوظ کرنے میں مدد دی۔
اس تصویر کو اسٹریٹ فوٹوگرافی کی تاریخ میں اہم مقام حاصل ہے، کیونکہ اس نے ثابت کیا کہ روزمرہ زندگی کے بظاہر معمولی اور غیرمتوقع مناظر کو بھی فن کے شاہکار میں تبدیل کیا جاسکتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ یہ تصویر آج بھی فوٹوگرافروں کے لیے ایک اہم مثال سمجھی جاتی ہے۔



