latest newsPakistan

بھارت کی آبی جارحیت کا بلا تاخیر سخت نوٹس لینا ہو گا، چوہدری سرور

پنجاب میں پانی کی کم ہوتی ہوئی دستیابی پر یو این کی رپورٹ لمحہ فکریہ ہے، سابق گورنرپنجاب کا بیان

لاہور(فیصل علوی) سابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے کہا ہے کہ پنجاب میں پانی کی عدم دستیابی کے حوالے سے یو این کی رپورٹ لمحہ فکریہ ہے،بھارت کی آبی جارحیت کا سخت جواب دینے کی ضرورت ہے، بھارت پاکستان کو ریگستان بنانے کے ایجنڈے پر کام کر رہا ہے، سندھ طاس معاہدہ کی معطلی لا قانونیت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ طاس معاہدے کی معطلی موجودہ حکومت کیلئے ایک بڑا چیلنج اور عوامی سوال ہے۔ سندھ طاس معاہدہ ماضی میں  ہونے والی دوبدو جنگوں میں بھی معطل نہیں ہوا اور اسے دنیا میں ایک پائیدار معاہدے کا درجہ حاصل تھا۔

معاہدہ کی معطلی موجودہ حکمرانوں کیلئے ایک چیلنج اور بہت بڑا عوامی سوال ہے۔ بھارت کی طرف سے سندھ طاس معاہدہ کا التواء محض سفارتی احتجاج نہیں بلکہ اس کی حیثیت تزویراتی ہے اور اس کا براہ راست تعلق پاکستان اور خطہ کی سلامتی سے جڑا ہوا ہے۔

چوہدری سرورکا مزید یہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت پاکستان کی قیادت کرنے والی شخصیات کو دنیا میں زبردست پذیرائی حاصل ہے۔ یہ بہترین وقت ہے کہ بھارت کو آبی دہشت گردی کے بالواسطہ اور بلاواسطہ اقدامات سے روکا جائے۔

سندھ طاس معاہدہ کی بحالی کیلئے فقط سفارت کاری تک محدود رہنا خود فریبی ہو گا۔ سندھ طاس معاہدے کو بین الاقوامی گارنٹیز حاصل ہیں۔ اس لئے سندھ طاس معاہدہ کی بحالی کیلئے قانونی سطح پر اور جارحانہ سفارتکاری سے ڈیل کرنے کی ضرورت ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button