جیفری ایپسٹین نے خودکشی نہیں کی، اسے قتل کیا گیا، فارنزک ماہر کا دعویٰ

ویب ڈیسک: فارنزک امور کے ماہر ڈاکٹر مائیکل فری مین نے دعویٰ کیا ہے کہ امریکا میں کمسنوں کی جنسی اسمگلنگ کے الزامات کا سامنا کرنے والے جیفری ایپسٹین نے خودکشی نہیں کی تھی بلکہ اسے قتل کیا گیا تھا۔
جیفری ایپسٹین کے بھائی مارک ایپسٹین نے فارنزک ماہر ڈاکٹر مائیکل فری مین کی خدمات حاصل کی ہیں، جو گزشتہ ایک برس سے ایپسٹین کی پوسٹ مارٹم رپورٹس اور تصاویر کا جائزہ لے رہے ہیں۔
ڈاکٹر مائیکل فری مین کا کہنا ہے کہ پوسٹ مارٹم کی تصاویر دیکھتے ہی انہیں محسوس ہوا کہ جیفری ایپسٹین کی گردن پر موجود نشانات پھندے کے نہیں ہیں بلکہ ان سے ظاہر ہوتا ہے کہ کسی نے مبینہ طور پر قتل کے ارادے سے ان کا گلا زور سے گھونٹا تھا۔
واضح رہے کہ نیویارک سٹی آفس کے چیف میڈیکل ایگزمینر، ایف بی آئی اور امریکی محکمہ انصاف پہلے ہی قرار دے چکے ہیں کہ جیفری ایپسٹین نے 2019 میں جیل میں پھندا لگا کر خودکشی کی تھی۔
رپورٹس کے مطابق ایپسٹین کی نگرانی پر مامور دو جیل اہلکار مبینہ طور پر سو گئے تھے، جس کے باعث انہیں واقعے کا علم نہ ہوسکا، جبکہ ان کے کمرے کے باہر نصب کیمرے بھی اس وقت خراب تھے۔
نوٹ: قتل سے متعلق مؤقف ڈاکٹر مائیکل فری مین کا دعویٰ ہے، اسے سرکاری طور پر ثابت شدہ حقیقت نہیں سمجھا جا سکتا۔



