امریکا شرائط مان لے تو ایران 2 روز میں آبنائے ہرمز کھولنے کو تیار ہے، عباس عراقچی

اسلام آباد (اے ایف پی/اے پی پی): ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کہا ہے کہ اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے رکن ممالک نے امریکا کے ساتھ جنگ ختم کرنے کی کوششوں کے تحت آبنائے ہرمز دوبارہ کھولنے کے لیے تہران کے پیش کردہ منصوبے کی حمایت کی ہے۔ واشنگٹن شرائط تسلیم کرلے تو ایران دو روز کے اندر آبنائے ہرمز کھولنے کے لیے تیار ہے۔
اسلام آباد میں پیر کو صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے عباس عراقچی نے کہا کہ تہران پاکستان کے ثالثی کردار سے مطمئن ہے۔
ای سی او وزارتی کونسل کے 30ویں اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ نے کہا کہ علاقائی روابط کو مضبوط بنانے، تجارت میں آسانیاں پیدا کرنے اور توانائی کے شعبے میں تعاون بڑھانے سے خطے کے اجتماعی استحکام کو فروغ ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ اس تعاون سے بیرونی خطرات اور انحصار میں کمی آئے گی اور ایک زیادہ مربوط اور خود کفیل خطے کی تشکیل ممکن ہوگی۔
عباس عراقچی کا کہنا تھا کہ ایک جدید، جامع اور مؤثر تجارتی معاہدہ علاقائی تجارت کے فروغ، اقتصادی استحکام کو مضبوط بنانے اور خطے کے عوام کے لیے معاشی فوائد پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔



