ایران کے ساتھ جنگ طویل نہیں ہوگی، اسے کبھی نہ ختم ہونے والا تنازع نہیں بننے دیں گے، جے ڈی وینس

ویب ڈیسک: امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا ایران کے خلاف جنگ کو طویل تنازع میں تبدیل نہیں ہونے دے گا اور نہ ہی ایران میں 10 یا 15 سال تک فوجی کارروائیاں جاری رکھنے کا ارادہ رکھتا ہے۔
امریکی ٹی وی چینل فاکس نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے جے ڈی وینس نے کہا کہ ایران کا جوہری پروگرام امریکا کے لیے خطرہ ہے، تاہم امریکی انتظامیہ اس معاملے کو ایسی جنگ میں تبدیل نہیں ہونے دے گی جو برسوں تک جاری رہے۔
انہوں نے کہا کہ امریکا ایران میں طویل فوجی وابستگی نہیں چاہتا اور یہ تنازع دو سال تک بھی جاری نہیں رہنا چاہیے۔ امریکی عوام سے وعدہ کیا گیا ہے کہ امریکا غیر معینہ مدت تک وہاں موجود نہیں رہے گا۔
امریکی نائب صدر کا کہنا تھا کہ انہیں مکمل اعتماد ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس معاملے سے امریکا کو اچھے نتائج کے ساتھ باہر نکالیں گے۔
جے ڈی وینس نے دفاعی صنعت سے متعلق کہا کہ جنگی سازوسامان کے لیے دوسرے ممالک پر انحصار شرمناک ہے، امریکا اپنی دفاعی صنعت کو دوبارہ مضبوط بنائے گا کیونکہ قومی سلامتی کا تقاضا ہے کہ ملک اپنا اسلحہ خود تیار کرے۔
انہوں نے امریکی فوج میں سرمایہ کاری کم کرنے پر ڈیموکریٹس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ قومی سلامتی اور دفاعی صلاحیتوں کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔



