column and articlelatest news

​چولستان سے تھل تک… مچھلی نہیں، جال دینے کی روایت

ڈاکٹر وقار علی گل

​ہمارے ہاں سیاست اور حکمرانی کے ایوانوں میں فلاحِ عامہ کے نام پر جو تجربات ہوتے رہے ہیں، ان کی تاریخ زیادہ حوصلہ افزا نہیں۔ دہائیوں تک غریب کی غربت کا علاج "وقتی مرہم” سے کیا جاتا رہا—کبھی چند ہزار روپے کا چیک، کبھی راشن کا تھیلا اور کبھی محض زبانی جمع خرچ۔ مگر معاشیات کا ایک سادہ سا اصول ہے کہ کسی بھوکے کو ایک وقت کی مچھلی دے دینا اس کی بھوک کا مستقل علاج نہیں؛ اصل ہنر اسے مچھلی پکڑنے کا جال تھما دینا ہے۔
​گزشتہ دنوں جنوبی پنجاب کے طول و عرض سے آنے والی خبروں پر نظر پڑی تو یوں محسوس ہوا جیسے ہمارے پالیسی سازوں کے ہاں سوچ کا زاویہ بدل رہا ہے۔ بہاولپور کے ریگزاروں سے لے کر راجن پور کے کچے تک، اور ملتان و وہاڑی کے زرخیز میدانوں سے لے کر لیہ و تونسہ کے ریتلے ٹیلوں تک، ایک خاموش مگر دور رس معاشی انقلاب کی بنیاد رکھی جا رہی ہے۔ یہ کہانی ہے جنوبی پنجاب کے تیرہ اضلاع—بہاولپور، بہاولنگر، رحیم یار خان، ملتان، خانیوال، لودھراں، وہاڑی، ڈیرہ غازی خان، مظفرگڑھ، لیہ، کوٹ ادو، راجن پور اور تونسہ شریف—کی ان بیوہ اور مطلقہ خواتین کی، جنہیں ریاست نے محض "قابلِ رحم” سمجھنے کے بجائے "معاشی شراکت دار” تسلیم کر لیا ہے۔
​وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اربوں روپے کے جس "لائیو اسٹاک اثاثہ جات منتقلی پروگرام” کا آغاز کیا ہے، بظاہر یہ دیہی خواتین میں گائے اور بھینسوں کی تقسیم کا ایک منصوبہ دکھائی دیتا ہے، مگر اس کے بطن میں جو معاشرتی تبدیلی چھپی ہے، وہ غیر معمولی ہے۔ ہمارے دیہی سماج میں بیوہ یا مطلقہ ہو جانے والی عورت کے لیے سب سے بڑا المیہ محض تنہائی نہیں بلکہ معاشی محتاجی ہوتی ہے۔ جب ریاست اسے ساہیوال نسل کی گائے یا دودھ دینے والی بھینس کا مالک بناتی ہے، تو وہ دراصل اسے گھر کی دہلیز پر ایک "چھوٹی سی صنعت” کا مالک بنا دیتی ہے۔
​اس سارے عمل میں جو بات سب سے زیادہ متاثر کن ہے، وہ اس کا طریقہ کار ہے۔ ہمارے ہاں سرکاری اسکیمیں عموماً سفارش، اقربا پروری اور سرخ فیتے کی نذر ہو جاتی رہی ہیں۔ لیکن وزیر لائیو اسٹاک سید عاشق حسین کرمانی اور سیکرٹری لائیو اسٹاک احمد عزیز تارڑ نے جس طرح اس پورے نظام کو کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی اور ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے سانچے میں ڈھالا ہے، اس نے شفافیت کی ایک نئی مثال قائم کی ہے۔ جب ایک دیہی خاتون اپنے ہاتھوں سے پرچی اٹھا کر خود اپنے جانور کا انتخاب کرتی ہے، اور محکمہ لائیو اسٹاک نہ صرف اسے پانچ ہزار روپے چارے کی مد میں فراہم کرتا ہے بلکہ اگلے ایک سال تک اس جانور کی صحت و نگہداشت کا ذمہ بھی لیتا ہے، تو ریاست اور شہری کے درمیان اعتماد کا وہ رشتہ بحال ہوتا ہے جو عرصہ دراز سے ٹوٹ چکا تھا۔
​پاکستان کی دیہی معیشت کا اصل ستون ہمارا لائیو اسٹاک سیکٹر ہے، جو بدقسمتی سے ماضی میں سرکاری ترجیحات میں ہمیشہ حاشیے پر رہا۔ سید عاشق حسین کرمانی کی متحرک قیادت اور احمد عزیز تارڑ کی انتظامی بصیرت نے اس سوئے ہوئے شعبے کو جگایا ہے۔ یہ محض چند ہزار خاندانوں کی کفالت کا معاملہ نہیں؛ جب چولستانی اور ساہیوال نسل کے یہ اعلیٰ مویشی دیہی گھرانوں میں پروان چڑھیں گے تو دودھ اور گوشت کی پیداوار میں خود کفالت آئے گی، دیہی معیشت کا پہیہ گھومے گا اور غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گزارنے والے ہزاروں گھرانے عزت و وقار کے ساتھ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں گے۔
​ضرورت اس امر کی ہے کہ خیر خواہی اور خودداری کا یہ سلسلہ محض ایک مہم بن کر نہ رہ جائے بلکہ ریاستی پالیسی کا مستقل حصہ بن جائے۔ جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا ازالہ نعروں سے نہیں، ایسے ہی ٹھوس معاشی اقدامات سے ممکن ہے۔ جب دیہات کی مائیں اور بہنیں معاشی طور پر مضبوط ہوں گی، تبھی ایک خوشحال اور خوددار پنجاب کا خواب شرمندہ تعبیر ہوگا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button