ریاض میں پیپلز پارٹی کے زیر اہتمام علامہ اقبال کی فکر و فلسفے پر ادبی نشست

ریاض (ذوالقرنین چہل) سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض میں پاکستان پیپلز پارٹی ریاض ریجن کے زیر اہتمام شاعر مشرق ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی فکر، فلسفے اور شاعری کو اجاگر کرنے کے لیے ادبی نشست کا انعقاد کیا گیا، جس میں پارٹی عہدیداروں، کارکنوں، نامور شعراء، ادیبوں اور صحافیوں نے شرکت کی۔
تقریب میں علامہ اقبال کے افکار، فلسفہ خودی، نوجوان نسل کی فکری تربیت اور امت مسلمہ کی بیداری کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر پیپلز پارٹی ریاض ریجن کے صدر احسن عباسی نے کہا کہ علامہ اقبال ہر عہد کے شاعر ہیں، ان کی شاعری محض الفاظ کا مجموعہ نہیں بلکہ ایک مکمل فکری تحریک اور زندگی گزارنے کا شعور فراہم کرتی ہے۔ اقبال نے اپنے کلام کے ذریعے انسان کو خود شناسی، خود اعتمادی، بلند حوصلگی اور مسلسل جدوجہد کا درس دیا، جبکہ ان کا فلسفہ مایوسی کے بجائے امید، عمل اور روشن مستقبل کی راہ دکھاتا ہے۔
مہمان خصوصی پیپلز پارٹی مڈل ایسٹ کے سیکرٹری جنرل محمد خالد رانا نے کہا کہ علامہ اقبال نے اپنی شاعری کے ذریعے برصغیر کے مسلمانوں میں آزادی، خودداری اور الگ تشخص کا شعور بیدار کیا۔ ان کا پیغام آج بھی اتنا ہی اہم ہے جتنا تحریک پاکستان کے دور میں تھا۔ نئی نسل کو اقبال کے کلام اور فلسفہ خودی سے روشناس کروانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
مہمانان اعزازی معروف شعراء طیب رضا کاظمی اور وقار نسیم وامق سمیت پارٹی عہدیداروں فرح احسن، سردار نصیر، مشتاق بلوچ، صداقت حسین اور کامران اشرف نے بھی اظہار خیال کیا۔
مقررین نے کہا کہ علامہ اقبال کی شاعری انسان کو اپنی ذات پہچاننے، صلاحیتوں پر اعتماد کرنے اور بلند مقاصد کے حصول کے لیے مسلسل جدوجہد کا درس دیتی ہے۔ ان کا تصور خودی فکری، اخلاقی اور روحانی تربیت کا پیغام ہے، جو نوجوان نسل میں خود اعتمادی، جرات اور عمل کا جذبہ پیدا کرتا ہے۔



