سینڈ پیپر اسکینڈل: سابق آسٹریلوی فاسٹ بولر چیڈ سئیرز کا بڑا انکشاف

چیڈ سئیرز 2018 میں جنوبی افریقہ کے دورے پر آسٹریلوی اسکواڈ کا حصہ تھے اور انہوں نے اس سیریز کے دوران اپنے کیریئر کا واحد ٹیسٹ میچ بھی کھیلا تھا۔
آسٹریلیا اور انگلینڈ کی ون ڈے سیریز کے دوران کمنٹری کرتے ہوئے چیڈ سئیرز نے کہا کہ انہیں سینڈ پیپر کے استعمال کا علم تھا اور وہ یہ کہنے میں کوئی جھجک محسوس نہیں کرتے کہ اسکواڈ کے دیگر کھلاڑی بھی اس معاملے سے آگاہ تھے۔
انہوں نے انکشاف کیا کہ سینڈ پیپر دو ٹیسٹ میچز میں استعمال کیا گیا اور ڈریسنگ روم میں بھی اس حوالے سے گفتگو ہوتی تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی کی طرف داری نہیں کررہے بلکہ ماضی میں پیش آنے والے واقعات بیان کررہے ہیں۔
چیڈ سئیرز کے مطابق کیپ ٹاؤن میں واقعہ پیش آنے کے بعد تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک اس معاملے پر بات چیت ہوئی کہ آئندہ کیا کرنا ہے۔ تاہم انہیں اندازہ نہیں تھا کہ آسٹریلیا میں اس واقعے کو اتنی سنجیدگی سے لیا جائے گا۔
سابق فاسٹ بولر نے بتایا کہ سینڈ پیپر پہلے ڈیوڈ وارنر کے حوالے کیا گیا، جس کے بعد اسے بین کرافٹ کے حوالے کیا گیا۔ ایک موقع پر فیلڈنگ کے دوران پانی کے وقفے میں انہیں بھی سینڈ پیپر دیا گیا تاکہ وہ اسے اپنے ساتھ لے جائیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ وہ بال ٹیمپرنگ کی تحقیقات کا حصہ نہیں تھے۔
واضح رہے کہ سابق آسٹریلوی بیٹر عثمان خواجہ نے اپنی کتاب میں انکشاف کیا تھا کہ بال ٹیمپرنگ کے واقعے سے ٹیم کے تمام کھلاڑی آگاہ تھے۔ فاسٹ بولرز پیٹ کمنز اور مچل اسٹارک نے ان کے دعوے کو مسترد کیا تھا، جبکہ ڈیوڈ وارنر نے عثمان خواجہ کے مؤقف کی تائید کی تھی۔



