latest news

اسپیس ایکس کے اسٹار شپ کی خلا سے واپسی کا کامیاب تجربہ، دونوں حصوں کی بحالی کی امید

دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک کی کمپنی اسپیس ایکس کے اسٹار شپ نے خلا سے زمین پر واپسی کا کامیاب تجربہ کرلیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق 22 گھنٹے سے زائد خلا میں رہنے اور زمین کے 14 چکر مکمل کرنے کے بعد اسٹار شپ امریکی ریاست ٹیکساس میں اپنے لانچنگ ٹاور پر واپس پہنچ گیا۔

اسٹار شپ کا یہ 15واں تجربہ تھا، جس میں پہلی بار راکٹ کے دونوں حصوں کو مکمل طور پر بحال کرنے اور دوبارہ قابل استعمال بنانے کی کوشش کی گئی۔ اسپیس ایکس کا مقصد اسٹار شپ کے بالائی حصے اور سپر ہیوی بوسٹر کو بار بار استعمال کے قابل بنانا ہے۔

واضح رہے کہ اسٹار شپ کو دنیا کا طاقتور ترین راکٹ قرار دیا جاتا ہے۔ یہ دو حصوں پر مشتمل ہے، جن میں 33 انجنوں والا سپر ہیوی بوسٹر اور اس کے اوپر نصب اسٹار شپ اسپیس کرافٹ شامل ہیں۔ خلا میں پہنچنے کے بعد دونوں حصے ایک دوسرے سے الگ ہوجاتے ہیں۔

اسٹار شپ کی واپسی کا تاریخی منظر دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوئے، جبکہ امریکی خلائی ادارے ناسا نے بھی اس کامیابی کا خیرمقدم کیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ناسا اس دہائی کے آخر تک آرٹیمس پروگرام کے تحت خلابازوں کو چاند پر اتارنے اور وہاں مستقل قمری اڈہ قائم کرنے کے منصوبے میں اسٹار شپ کی خدمات حاصل کررہا ہے۔ اس مقصد کے لیے اسپیس ایکس کے ساتھ اربوں ڈالر کا معاہدہ بھی کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق اسٹار شپ تقریباً 120 میٹر طویل اور اس کا وزن 50 لاکھ کلوگرام ہے۔ اسے مکمل طور پر دوبارہ قابل استعمال بنانے کا منصوبہ خلائی سفر کی لاگت کم کرنے میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔

ایلون مسک کا طویل المدتی منصوبہ اسٹار شپ کے ذریعے مریخ پر انسانی آبادکاری اور وہاں ایک شہر قائم کرنا ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button