latest newsSports

محمد یوسف اور ثناء میر پی سی بی ہال آف فیم 2025 میں شامل

محمد یوسف کا انتخاب شفاف ووٹنگ کے ذریعے، ثناء میر کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت پر اعزاز دیا گیا

لاہور(عمران اسلم) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق قومی کپتان محمد یوسف اور سابق ویمن کرکٹ کپتان ثناء میر کو 2025 کے ہال آف فیم میں شامل کرلیا۔

پی سی بی کے مطابق دونوں کرکٹرز کو پاکستان کرکٹ کے لیے غیر معمولی خدمات اور نمایاں کارکردگی کے اعتراف میں ہال آف فیم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ محمد یوسف کا انتخاب آزادانہ اور شفاف ووٹنگ کے ذریعے کیا گیا، جبکہ ثناء میر کو آئی سی سی ہال آف فیم میں شمولیت کی بنیاد پر یہ اعزاز دیا گیا۔

محمد یوسف نے اپنے انٹرنیشنل کیریئر میں 381 میچز کھیل کر 17 ہزار 300 رنز بنائے۔ انہوں نے 2006 میں ٹیسٹ کرکٹ کے دوران ایک سال میں 1788 رنز بنا کر عالمی ریکارڈ قائم کیا۔

دوسری جانب ثناء میر نے 226 انٹرنیشنل میچز میں 240 وکٹیں حاصل کرنے کے علاوہ 2432 رنز بھی اسکور کیے۔ ان کی قیادت میں پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں طلائی تمغے جیتے۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے دونوں کرکٹرز کو ہال آف فیم میں شمولیت پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ محمد یوسف اور ثناء میر نے فخر کے ساتھ پاکستان کی نمائندگی کی اور اپنی شاندار کارکردگی سے کرکٹ میں منفرد مقام بنایا۔

واضح رہے کہ محمد یوسف اور ثناء میر سے قبل پی سی بی ہال آف فیم میں عبدالحفیظ کاردار، فضل محمود، حنیف محمد، ظہیر عباس، عمران خان، جاوید میانداد، عبدالقادر، وسیم اکرم، وقار یونس، انضمام الحق، مشتاق محمد، سعید انور، مصباح الحق اور یونس خان سمیت 14 عظیم کھلاڑی شامل تھے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button