شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر دنیا کی 500 بااثر مسلم شخصیات میں شامل
’دی مسلم 500‘ کے 2027 ایڈیشن میں پاکستانی، سعودی اور ترک قیادت مشترکہ طور پر پہلے نمبر پر، دفاعی و تزویراتی تعاون کو اہمیت دی گئی

معروف ویب سائٹ اسلام آن ویب کے مطابق اردن کے رائل اسلامک اسٹریٹجک اسٹڈیز سینٹر (RISSC) کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے 18ویں ایڈیشن میں پہلی مرتبہ پانچ عالمی رہنماؤں کو مشترکہ طور پر سرفہرست رکھا گیا ہے۔ ان میں سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد محمد بن سلمان، ترک صدر رجب طیب اردوان، وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر شامل ہیں۔
اشاعت میں پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کی قیادت کو مشترکہ دفاعی اور تزویراتی تعاون کے حوالے سے نمایاں کیا گیا ہے۔ اس ضمن میں 7 اگست 2026 کو طے پانے والے مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے، جسے تینوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے فروغ کا اہم سنگ میل قرار دیا گیا ہے۔
فہرست کے خصوصی مضمون ’جوائنٹ نمبر ون‘ میں تینوں ممالک کی عسکری صلاحیتوں، مالی وسائل اور دفاعی ٹیکنالوجی کو باہمی تعاون کے بنیادی ستون قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے معاہدے کے لیے ضروری سیاسی، حکومتی اور انتظامی اقدامات میں اہم کردار ادا کیا، جبکہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پاکستان کی عسکری صلاحیت اور دفاعی تعاون کے حوالے سے نمایاں قرار دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ’دی مسلم 500‘ میں مسلم دنیا کی ان شخصیات کو شامل کیا جاتا ہے جو سیاست، مذہب، سماجی خدمات، علم، معیشت اور دیگر شعبوں میں غیر معمولی اثر و رسوخ رکھتی ہیں۔



