latest newsPakistan

کراچی میں جاپان فیسٹ 2026، جاپانی ثقافت اور روایات کے رنگ بکھر گئے

کراچی: جاپان کی ثقافت، روایات اور فنونِ لطیفہ سے پاکستانی شہریوں کو روشناس کرانے کے لیے جاپان فیسٹ 2026 کا انعقاد بیچ لگژری ہوٹل کراچی میں کیا گیا، جس میں مختلف ثقافتی سرگرمیوں اور فنکارانہ مظاہروں نے شرکا کی توجہ حاصل کی۔

جاپان کے قونصل خانے کے زیر اہتمام پاکستان جاپان کلچرل ایسوسی ایشن سندھ اور پاکستان جاپان بزنس فورم کے اشتراک سے منعقدہ میلے کا مقصد دونوں ملکوں کے عوام کے درمیان دوستی، ثقافتی تبادلے اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دینا تھا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جاپان کے قونصل جنرل ہاتوری ماسارو نے کہا کہ ثقافتی تبادلے دونوں ملکوں کے عوام کو قریب لانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ جاپان فیسٹ مقامی شہریوں کو جاپانی ثقافت سے متعارف کرانے اور دوطرفہ دوستی مضبوط بنانے کا ایک بامعنی پلیٹ فارم بن چکا ہے۔

تقریب کے مہمان خصوصی گورنر سندھ سید محمد نہال ہاشمی نے میلے کو ایک خوبصورت اور رنگا رنگ شام قرار دیتے ہوئے جاپانی قونصل خانے کا شکریہ ادا کیا کہ اس نے کراچی کے نوجوانوں کو جاپانی ثقافت سے آگاہی کا موقع فراہم کیا۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ جاپان کو صرف ٹیکنالوجی اور اینیمی تک محدود نہ سمجھیں بلکہ اس کی قومی تعمیر، ترقی اور خوشحالی کے سفر سے بھی سبق حاصل کریں۔

فیسٹیول میں کاس پلے مقابلے، جاپان کے روایتی بون اوڈوری رقص اور جاپانی ڈانس گروپ اَتسوشی کریو کی پرفارمنس پیش کی گئی۔ شرکا نے پھولوں کی سجاوٹ کے روایتی فن اکیبانا، بونسائی کے نمونوں اور کاغذ سے اشکال بنانے کے فن اوریگامی میں بھی گہری دلچسپی لی۔ اس موقع پر مختلف کھیلوں اور تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔

میلے نے بالخصوص نوجوانوں کو جاپان کی تہذیب، ثقافت اور روایات کے مختلف پہلوؤں سے ایک ہی جگہ پر روشناس ہونے کا موقع فراہم کیا۔ جاپانی قونصل خانے نے فیسٹیول کی کامیابی میں تعاون کرنے والے اداروں، شرکا اور مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور جاپان کے درمیان ثقافتی روابط اور دوستی مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button