Businesslatest news

پاکستان کے قرضوں اور واجبات کا حجم 98.88 کھرب روپے تک پہنچ گیا

کراچی: پاکستان کے مجموعی قرضوں اور واجبات میں ایک سال کے دوران 6.46 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد ستمبر 2026 کے اختتام پر ان کا حجم بڑھ کر 98.881 کھرب روپے ہو گیا، جبکہ ستمبر 2025 میں یہ 92.879 کھرب روپے تھا۔

اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے جمعہ کو جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق اضافے کی بنیادی وجہ حکومتی ملکی اور بیرونی قرضوں میں اضافہ ہے، تاہم اس دوران مجموعی واجبات میں کمی واقع ہوئی۔

اعدادوشمار کے مطابق ملک کا مجموعی قرضہ ستمبر 2026 میں بڑھ کر 97.038 کھرب روپے ہو گیا، جو گزشتہ سال اسی ماہ 90.107 کھرب روپے تھا۔ اس طرح ایک سال میں قرضے میں 6.931 کھرب روپے، یعنی 7.69 فیصد اضافہ ہوا۔

حکومت کا مجموعی ملکی قرضہ 53.427 کھرب روپے سے بڑھ کر 57.758 کھرب روپے ہو گیا، جبکہ سرکاری شعبے کے اداروں کا ملکی قرضہ بھی 2.009 کھرب روپے سے بڑھ کر 2.084 کھرب روپے تک پہنچ گیا۔

اسی طرح مجموعی بیرونی قرضہ 34.671 کھرب روپے سے بڑھ کر 37.197 کھرب روپے ہو گیا، جس میں 2.526 کھرب روپے یا 7.29 فیصد اضافہ ہوا۔ حکومتی بیرونی قرضہ 23.181 کھرب روپے سے بڑھ کر 24.900 کھرب روپے، جبکہ غیر حکومتی بیرونی قرضہ 7.387 کھرب روپے سے بڑھ کر 7.747 کھرب روپے ہو گیا۔

بین الاقوامی مالیاتی فنڈ (آئی ایم ایف) سے حاصل کردہ قرضہ بھی 2.542 کھرب روپے سے بڑھ کر 3.010 کھرب روپے ہو گیا، تاہم بیرون ملک براہ راست سرمایہ کاروں سے حاصل کردہ بین الکمپنی بیرونی قرضہ 1.561 کھرب روپے سے کم ہو کر 1.539 کھرب روپے رہ گیا۔

اس کے برعکس ملک کے مجموعی واجبات ستمبر 2026 میں کم ہو کر 3.413 کھرب روپے رہ گئے، جو ایک سال قبل 4.436 کھرب روپے تھے۔ بیرونی واجبات 3.378 کھرب روپے سے کم ہو کر 2.434 کھرب روپے، جبکہ ملکی واجبات 1.059 کھرب روپے سے گھٹ کر 979 ارب روپے ہو گئے۔

دوسری جانب مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی کے دوران قرضوں اور واجبات کی ادائیگیوں میں 33.27 فیصد اضافہ ہوا اور جولائی تا ستمبر 2026 میں اس مد میں 2.900 کھرب روپے خرچ کیے گئے، جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں یہ رقم 2.176 کھرب روپے تھی۔ یوں قرضوں کی ادائیگیوں کا بوجھ 724 ارب روپے بڑھ گیا۔

اضافے کی وجوہات میں بیرونی قرضوں اور واجبات کی اصل رقم کی زیادہ ادائیگی اور قرضوں پر سود کی ادائیگی میں اضافہ شامل ہے۔ اے کے ڈی سیکیورٹیز کے ڈائریکٹر ریسرچ محمد اویس اشرف نے ایکسپریس ٹریبیون سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مالیاتی خسارہ پورا کرنے کے لیے گزشتہ سال حکومتی قرضوں میں اضافہ ہوا، تاہم رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں حکومت کے مالیاتی سرپلس کے باعث قرضوں میں کمی آئی۔

ان کے مطابق ملکی اور بیرونی دونوں شعبوں میں واجبات میں کمی حوصلہ افزا ہے، تاہم مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں گزشتہ سال کی اسی مدت کے مقابلے میں قرضوں کی ادائیگی پر 33 فیصد زیادہ اخراجات ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ محتاط اخراجات اور ٹیکس آمدن میں اضافے کے باعث مجموعی ملکی پیداوار (جی ڈی پی) کے مقابلے میں قرضوں کا تناسب بہتر ہو رہا ہے۔

جولائی تا ستمبر 2026 کے دوران بیرونی قرضوں اور واجبات کی اصل رقم کی ادائیگیاں 634 ارب روپے سے بڑھ کر ایک ہزار 180 ارب روپے ہو گئیں۔ حکومتی بیرونی قرضوں اور واجبات کی ادائیگیاں 479 ارب روپے سے بڑھ کر 653 ارب روپے، جبکہ غیر حکومتی بیرونی قرضوں کی ادائیگیاں 95 ارب روپے سے بڑھ کر 467 ارب روپے تک پہنچ گئیں۔ آئی ایم ایف کو ادائیگیاں 60 ارب روپے پر برقرار رہیں۔

قرضوں پر سود کی ادائیگیاں بھی 14.70 فیصد اضافے سے ایک ہزار 693 ارب روپے ہو گئیں، جو گزشتہ سال اسی مدت میں ایک ہزار 476 ارب روپے تھیں۔ اس میں حکومتی مجموعی ملکی قرضوں پر سود کی ادائیگیاں ایک ہزار 176 ارب روپے سے بڑھ کر ایک ہزار 388 ارب روپے ہو گئیں، جبکہ بیرونی قرضوں پر سود کی مد میں 305 ارب روپے ادا کیے گئے، جو گزشتہ سال 300 ارب روپے تھے۔

اس کے برعکس واجبات پر سود کی ادائیگیاں 65 ارب روپے سے کم ہو کر 28 ارب روپے رہ گئیں۔ ان میں بیرونی واجبات پر سود کی ادائیگی 37 ارب روپے سے گھٹ کر 2 ارب روپے، جبکہ ملکی واجبات پر سود 28 ارب روپے کے مقابلے میں 26 ارب روپے رہا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button