Businesslatest news

اسٹیبل کوائنز پاکستانی فری لانسرز کے لیے عالمی ادائیگیوں کا متبادل ذریعہ بن سکتے ہیں

کراچی: امریکی ڈالر جیسی روایتی کرنسیوں کی ضمانت رکھنے والے اسٹیبل کوائنز پاکستانی فری لانسرز کے لیے بین الاقوامی ادائیگیوں کی وصولی، زرمبادلہ کی آمدن محفوظ رکھنے اور لین دین کے اخراجات و تاخیر کم کرنے کا متبادل ذریعہ بن سکتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس سے فری لانسرز کا روایتی بینکوں اور ادائیگی کے نظام پر انحصار بھی کم ہو سکتا ہے، تاہم اس کے لیے واضح ضوابط اور مناسب حفاظتی اقدامات ضروری ہیں۔

بٹ گیٹ کی چیف ایگزیکٹو آفیسر گریسی چن کے مطابق عالمی سطح پر فری لانسرز، گیگ ورکرز اور آن لائن مارکیٹ پلیسز سے وابستہ افراد میں اسٹیبل کوائنز کا استعمال بڑھ رہا ہے۔ 2026 کے ایک عالمی سروے میں کرپٹو کرنسی کے ذریعے ادائیگیاں وصول کرنے والے افراد کی سالانہ آمدن میں اسٹیبل کوائنز کا اوسط حصہ 35 فیصد ریکارڈ کیا گیا۔

گریسی چن نے کہا کہ بٹ کوائن اور ایتھیریم جیسی روایتی کرپٹو کرنسیوں کی قیمتوں میں روزانہ اتار چڑھاؤ آ سکتا ہے، جبکہ اسٹیبل کوائنز کو مستحکم قدر برقرار رکھنے کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ انہیں روزمرہ لین دین، تجارت، سرحد پار ادائیگیوں اور ڈی سینٹرلائزڈ فنانس میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے فری لانسرز قانونی اجازت کی صورت میں ڈالر سے منسلک ڈیجیٹل کرنسیوں کے ذریعے بیرون ملک سے ادائیگیاں وصول کر سکتے ہیں، تاہم ریگولیٹری غیر یقینی صورتحال، بینکاری نظام سے محدود رابطہ، ٹیکس اور صارفین کے تحفظ جیسے معاملات اب بھی اہم چیلنج ہیں۔ پاکستانی فری لانسرز کو عالمی گاہکوں سے ادائیگیاں وصول کرنے کے لیے زیادہ سہولتیں اور متبادل ذرائع دستیاب ہونے چاہئیں۔

گریسی چن کے مطابق پاکستان کی بڑی اور ٹیکنالوجی سے واقف نوجوان آبادی اپنی بچت اور سرمایہ کاری کے لیے نئے ڈیجیٹل پلیٹ فارمز کی جانب متوجہ ہو رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بٹ گیٹ کا یونیورسل ایکسچینج ماڈل اہل صارفین کو ایک ہی پلیٹ فارم پر کرپٹو کرنسیوں، ٹوکنائزڈ حصص، اجناس، زرمبادلہ کی مصنوعات اور مصنوعی ذہانت سے معاونت یافتہ تجارتی سہولتیں فراہم کرتا ہے۔

دوسری جانب پے اونیر اور ایسینڈ ٹو کے اشتراک سے ستمبر 2026 میں کیے گئے سروے میں سرحد پار ادائیگیوں سے وابستہ کاروباری اداروں میں اسٹیبل کوائنز کے بڑھتے ہوئے استعمال کی نشاندہی کی گئی۔ سروے میں امریکا میں قائم ایسے مارکیٹ پلیسز، پلیٹ فارمز اور کاروباری اداروں کے 265 اعلیٰ عہدیدار شامل تھے جن کی سالانہ آمدن 10 کروڑ ڈالر یا اس سے زیادہ ہے۔ تمام شرکا اسٹیبل کوائنز کے استعمال، آزمائش یا جائزے کے عمل سے کسی نہ کسی صورت وابستہ تھے۔

سروے کے مطابق تقریباً 70 فیصد ادارے سپلائرز اور وینڈرز کو ادائیگیاں کرتے ہیں، دو تہائی پے رول، 62 فیصد صارفین سے رقوم کی وصولی، 57 فیصد کنٹریکٹرز، فری لانسرز اور آن لائن فروخت کنندگان کو ادائیگیوں، جبکہ 52 فیصد رقوم کی وصولی اور واجبات کے انتظام سے متعلق امور دیکھتے ہیں۔ تاہم سروے کے نتائج کو اسٹیبل کوائنز سے پہلے ہی وابستہ کاروباری اداروں تک محدود سمجھا جانا چاہیے، یہ پوری مارکیٹ کی نمائندگی نہیں کرتے۔

فری لانسنگ کوچ ڈاکٹر نعمان سعید نے کہا کہ پاکستان میں فری لانسرز کو بینکاری اور ادائیگیوں کے محدود ذرائع کا سامنا ہے، جس کے باعث ان کی آمدن میں 25 سے 30 فیصد تک کمی ہو سکتی ہے اور قومی معیشت کو بھی بھاری نقصان پہنچتا ہے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ فری لانس آمدن کی قانونی ذرائع سے ملک میں منتقلی آسان بنانے کے لیے بینکوں، ادائیگی کے نظام اور فن ٹیک کمپنیوں سمیت متعدد راستے اختیار کیے جائیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بینکاری کے نگران ادارے اور متعلقہ وزارتیں فری لانسرز کے لیے ادائیگی کے نئے ذرائع متعارف کرانے میں جدت پسندانہ حکمت عملی اپنائیں۔

پاکستان میں کل وقتی اور جزوقتی فری لانسرز کی تعداد تقریباً 30 لاکھ بتائی جاتی ہے۔ انہوں نے مالی سال 2026 میں ریکارڈ ایک ارب 70 کروڑ ڈالر کا زرمبادلہ کمایا، جبکہ مالی سال 2027 کی پہلی سہ ماہی میں ان کی آمدن 54 کروڑ 90 لاکھ ڈالر رہی۔ رواں مالی سال کے اختتام تک فری لانس آمدن 2 ارب 50 کروڑ ڈالر تک پہنچنے کا تخمینہ ہے۔

ماہرین کے مطابق اسٹیبل کوائنز سمیت ضابطہ شدہ ڈیجیٹل ادائیگیوں تک رسائی بڑھانے سے فری لانسرز کے لیے رقوم کی وصولی زیادہ مؤثر، لین دین کے اخراجات کم اور پاکستان میں باضابطہ زرمبادلہ کی آمد بہتر بنائی جا سکتی ہے۔

ادھر پاکستان ورچوئل اثاثہ جات ریگولیٹری اتھارٹی (پی وی اے آر اے) ملک میں ڈیجیٹل ایکسچینجز کو قانونی دائرے میں لانے کے لیے کام کر رہی ہے۔ اتھارٹی کے مطابق عالمی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان میں قانونی حیثیت کے ساتھ ڈیجیٹل کرنسیوں کی تجارت کی سہولت فراہم کرنے کے لیے تقریباً 70 درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button