پنجاب کے اگلے وزیراعلیٰ کے لیے ملک احمد خان کا نام زیرِ غور ہو سکتا ہے: فواد چوہدری

لاہور: سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ پنجاب کے اگلے وزیراعلیٰ کے لیے اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کا امکان موجود ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل قومی حکومت کے قیام میں ہے۔ مرکز میں ممکنہ تبدیلی سے متعلق سوال پر ان کا کہنا تھا کہ انہیں لگتا ہے کہ معاملات کسی نتیجے کے قریب پہنچ چکے ہیں اور پی ٹی آئی کو اس صورتِ حال سے فائدہ اٹھانا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز کی ملاقات کے بعد سے پیپلز پارٹی میں مکمل خاموشی ہے، جب کوئی ردعمل سامنے آئے گا تو صورتِ حال واضح ہوگی۔
دوسری جانب گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے وزیراعلیٰ مریم نواز کی تبدیلی سے متعلق خبروں پر کہا ہے کہ یہ معاملہ ان کے علم میں نہیں اور وہ مفروضوں پر بات نہیں کریں گے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ فریال تالپور کے دورہ پنجاب کے اچھے اثرات مرتب ہوں گے۔ صدر مملکت آصف علی زرداری آج لاہور پہنچ رہے ہیں اور وہ ان کا استقبال کریں گے، تاہم انہیں صدر مملکت کی لاہور میں دیگر مصروفیات کا علم نہیں۔



