ایران کے افزودہ یورینیم سے متعلق معلومات کا فقدان تشویشناک ہے: آئی اے ای اے

ویانا: عالمی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے ایران کے افزودہ یورینیم سے متعلق معلومات کی عدم دستیابی اور جوہری تنصیبات تک رسائی نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
خبر ایجنسی کے مطابق آئی اے ای اے نے ایران سے متعلق خفیہ سہ ماہی رپورٹ رکن ممالک کو ارسال کر دی ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ایرانی جوہری معلومات تک رسائی میں تعطل کا مسئلہ ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی ضرورت ہے۔
رپورٹ کے مطابق بوشہر پاور پلانٹ کے علاوہ ایران کی دیگر جوہری تنصیبات تک ایجنسی کو رسائی نہیں دی گئی۔ ایرانی جوہری تنصیبات اور جوہری مواد کی موجودہ صورتِ حال سے متعلق بھی کوئی معلومات موصول نہیں ہوئیں۔ ایران نے اصفہان یورینیم افزودگی پلانٹ کے معائنے اور اس کے ڈیزائن سے متعلق معلومات کا جائزہ لینے کی اجازت بھی نہیں دی۔
آئی اے ای اے کا کہنا ہے کہ معلومات اور رسائی کے فقدان کے باعث وہ ایران کے جوہری پروگرام کی سرگرمیوں کے پرامن ہونے کا نتیجہ اخذ کرنے سے قاصر ہے۔ ایجنسی کے لیے مزید تاخیر کے بغیر ایران میں تصدیقی سرگرمیاں انجام دینا ناگزیر ہے۔
آئی اے ای اے کے سربراہ رافیل گروسی نے ایران پر زور دیا ہے کہ وہ تعمیری تعاون کرے۔ ان کا کہنا ہے کہ ایران جوہری معاملات سے متعلق حفاظتی ضمانتوں کے مسائل حل کرنے میں تعاون سے گریزاں ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایجنسی اصفہان پلانٹ کے درست محل وقوع اور وہاں موجود جوہری مواد کی تفصیلات سے بھی لاعلم ہے۔



