latest newsPakistan
پاکستان پوسٹ بھرتیوں کا کیس، اسعد محمود نیب کے دوسرے کال اپ نوٹس پر بھی پیش نہ ہوئے

اسلام آباد: پاکستان پوسٹ میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کے کیس میں قومی احتساب بیورو (نیب) کی طلبی کے باوجود سابق وفاقی وزیر اور جمعیت علمائے اسلام کے رہنما اسعد محمود دوسرے کال اپ نوٹس پر بھی پیش نہیں ہوئے۔
نیب نے اسعد محمود کو 10 نومبر کو عدم پیشی پر 13 نومبر کو دوبارہ طلب کیا تھا۔ سابق وفاقی وزیر نے تحریری جواب جمع کرایا تھا، تاہم نیب نے اسے ناکافی اور غیر تسلی بخش قرار دے دیا تھا۔
اسعد محمود کو پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے دورِ حکومت میں بطور وزیر مواصلات پاکستان پوسٹ میں بھرتیوں کے معاملے پر طلب کیا گیا تھا۔ نیب نے ادارے میں 4 ہزار 252 بھرتیوں کے معاملے پر نوٹس جاری کرتے ہوئے منظور شدہ 2 ہزار 646 آسامیوں کے بجائے اضافی بھرتیوں سے متعلق جواب طلب کیا تھا۔
نیب نوٹس میں کابینہ کی ہدایات کی مبینہ خلاف ورزی کرتے ہوئے بھرتیوں، سیاسی وابستگیوں، جعلی دستاویزات، عمر کی حد سے تجاوز اور ڈومیسائل کوٹے کی خلاف ورزیوں سمیت دیگر الزامات شامل ہیں۔ پاکستان پوسٹ میں مستقل بنیادوں پر کی جانے والی بھرتیاں بھی نیب کی تحقیقات کا حصہ ہیں۔



