نئے صوبے عوام کی مرضی اور اتفاقِ رائے سے بنیں تو اچھی بات ہے: رانا ثنا اللہ

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ نئے صوبے عوام کی مرضی اور تمام سیاسی جماعتوں کے اتفاقِ رائے سے بننے چاہئیں، اس عمل میں کسی کو ناراض یا نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ محسن نقوی نے ایک تقریب میں نئے صوبوں کے حوالے سے گفتگو کے دوران کچھ ایسی باتیں کی تھیں جن پر انہیں اعتراض تھا اور انہوں نے اپنے اعتراضات کا اظہار بھی کیا تھا، تاہم محسن نقوی کی گزشتہ روز کی وضاحت کے بعد اب کوئی اعتراض باقی نہیں رہا۔
ان کا کہنا تھا کہ محسن نقوی نے واضح کیا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی اپنی اہمیت ہے اور نئے صوبے اتفاقِ رائے سے بنائے جائیں گے۔ عوام چاہیں گے تو صوبے بنیں گے، بصورتِ دیگر ایسا نہیں ہوگا۔ اتفاقِ رائے کے لیے چھ ہفتے، چھ ماہ یا چھ سال بھی لگ جائیں تو کوئی حرج نہیں۔
ایک سوال کے جواب میں رانا ثنا اللہ نے کہا کہ محسن نقوی جو بات کرتے ہیں، اس کی اصل اتھارٹی اسٹیبلشمنٹ ہے، جبکہ ان کی اتھارٹی وزیراعظم ہیں۔ ان کے مطابق ملک میں سیاسی اور عسکری قیادت موجود ہے اور دونوں کے درمیان ہم آہنگی پائی جاتی ہے، جبکہ اسٹیبلشمنٹ میں عدلیہ اور بیوروکریسی سمیت دیگر ادارے بھی شامل ہیں۔
رانا ثنا اللہ نے مزید کہا کہ پاکستان خطے میں سکیورٹی فراہم کرنے والا ملک ہے اور دیگر ممالک اس سے تحفظ کے معاہدے کر رہے ہیں۔ دنیا پاکستان کو امن کے پاسبان کے طور پر دیکھ رہی ہے۔



