پاکستان کو ماحولیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے مالی امداد اور قرضوں میں ریلیف دیا جائے، شیری رحمٰن

شیری رحمٰن وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ ترکیہ میں منعقدہ کوپ 31 کانفرنس میں شریک ہیں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں محض وعدوں کے بجائے ماحولیاتی انصاف اور متاثرہ ممالک کے لیے عملی اقدامات کیے جانے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ 2022ء کے سیلاب سے پاکستان میں 3 کروڑ 30 لاکھ افراد متاثر ہوئے جبکہ ملک کو تقریباً 30 ارب ڈالر کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
شیری رحمٰن کا کہنا تھا کہ دنیا میں فوسل فیول پر سالانہ 7 ہزار ارب ڈالر کی سبسڈی ماحولیاتی تحفظ پر خرچ ہونی چاہیے، جبکہ موجودہ پالیسیوں کے باعث عالمی درجہ حرارت میں 2.7 ڈگری سینٹی گریڈ اضافے کا خدشہ ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ماحولیاتی اہداف کے حصول کے لیے پاکستان کو 565 ارب ڈالر سے زائد درکار ہیں، جبکہ پاکستان نے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ سے تقریباً 58 ملین ڈالر کی امداد کے لیے درخواست جمع کرائی ہے۔
پیپلز پارٹی کی رہنما نے کہا کہ ماحولیاتی آفات سے متاثرہ افراد تک مالی امداد فوری پہنچنی چاہیے، جبکہ زراعت، پانی، ماحولیاتی تحفظ اور بنیادی ڈھانچے کو محفوظ بنانے کے لیے سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔
انہوں نے ترکیہ کی جانب سے کوپ 31 کی میزبانی اور قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان کسی سے خیرات نہیں بلکہ ماحولیاتی انصاف اور مالی ذمہ داری کا مطالبہ کر رہا ہے۔ کانفرنس میں صرف وعدے نہیں بلکہ متاثرہ ممالک کے لیے ٹھوس اقدامات ہونے چاہئیں۔



