latest newsWorld

سیاہ فام اور ایشیائی افراد بھی خود کو انگریز کہلوا سکیں گے

برطانیہ میں نسلی شناخت کے قواعد تبدیل کرنے کی تجویز

لندن (عون جعفری) برطانیہ میں مختلف سیاسی جماعتوں سے تعلق رکھنے والے سینئر ارکان پارلیمنٹ نے نسلی شناخت سے متعلق قواعد میں تبدیلی کا مطالبہ کیا ہے، جس کے تحت سیاہ فام، ایشیائی اور دیگر نسلی پس منظر رکھنے والے افراد بھی سرکاری طور پر خود کو انگریز (English) کے طور پر شناخت کروا سکیں گے۔

اس مہم کی قیادت لبرل ڈیموکریٹ پارٹی کے رہنما جوش بابانڈے کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ انگریز ہونے کا تعلق صرف جلد کے رنگ یا نسل سے نہیں بلکہ مشترکہ اقدار، ثقافت، شہریت اور قومی شناخت سے ہے۔

جوش بابانڈے کے مطابق برطانیہ کی قومی فٹبال ٹیم کے تقریباً 60 فیصد کھلاڑی خود کو فخر سے انگریز قرار دیتے ہیں، تاہم موجودہ مردم شماری کے شناختی نظام کے تحت ان کے لیے اپنی نسلی شناخت انگریز کے طور پر درج کرانا ممکن نہیں، کیونکہ موجودہ درجہ بندی میں انگریز کی شناخت بنیادی طور پر سفید فام نسلی گروہ سے منسلک ہے۔

مجوزہ بل کے تحت 2031ء کی مردم شماری میں تمام نسلی پس منظر سے تعلق رکھنے والے افراد کو یہ اختیار دینے کی تجویز ہے کہ وہ اپنی قومی شناخت انگریز کے طور پر درج کرا سکیں۔

اطلاعات کے مطابق برطانوی وزیراعظم اینڈی برنم نے بھی اس تجویز کی حمایت کا عندیہ دیا ہے۔ اگر مجوزہ قانون منظور ہو جاتا ہے تو برطانیہ میں قومی اور نسلی شناخت کے سرکاری نظام میں اہم تبدیلی آئے گی، جس کے اثرات آئندہ مردم شماری اور سرکاری اعداد و شمار پر بھی مرتب ہوں گے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button