latest newsPakistan
سندھ حکومت کا سرکاری گاڑیاں مرحلہ وار الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ

کراچی (ہم شہری) سندھ حکومت نے سرکاری محکموں کی روایتی گاڑیوں کو مرحلہ وار الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جبکہ نئی سرکاری گاڑیوں کی خریداری میں بھی الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دی جائے گی۔
سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن کی زیر صدارت کابینہ کمیٹی برائے کفایت شعاری کا اجلاس ہوا، جس میں سرکاری محکموں کے لیے گاڑیوں کی خریداری اور موجودہ گاڑیوں کو مرحلہ وار الیکٹرک گاڑیوں میں تبدیل کرنے کے امور کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں محکمہ داخلہ، اینٹی کرپشن، محکمہ اسٹیبلشمنٹ اور جامعات و بورڈز کے لیے گاڑیاں خریدنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں اس بات پر زور دیا گیا کہ سرکاری گاڑیوں کی خریداری کے دوران الیکٹرک گاڑیوں کو ترجیح دی جائے۔
اس موقع پر شرجیل میمن نے کہا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال سے ایندھن کے اخراجات میں کمی آئے گی اور سرکاری خزانے پر بوجھ کم ہوگا۔ سرکاری اداروں کو بھی ماحول دوست ٹیکنالوجی اپنانی چاہیے۔



