اینوڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ کا مبینہ اسکینڈل کے بعد استعفیٰ، بلومبرگ نے اندرونی کہانی بیان کردی

رپورٹ میں معاملے سے واقف افراد کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ جینسن ہوانگ کئی ہفتوں تک الزامات کی تردید کرتے رہے اور عہدے پر برقرار رہنے کی کوشش کرتے رہے، تاہم بعد ازاں انہوں نے خود کو قصوروار ٹھہرانا شروع کر دیا اور اپنے لیے سخت الفاظ استعمال کیے۔ وہ کئی دہائیوں کی محنت سے اینوڈیا کو مصنوعی ذہانت (اے آئی) کی چپس بنانے والی دنیا کی بڑی کمپنیوں میں شامل کرنے میں کامیاب ہوئے تھے۔
رپورٹ کے مطابق اکتوبر کے اواخر میں جینسن ہوانگ اور ایلس ہوانگ نامی ایک خاتون کے قریبی تعلقات کی خبریں سامنے آئیں، جن پر مبینہ چینی جاسوس ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا تھا۔ ابتدا میں ہوانگ نے اپنے دوستوں اور ساتھیوں کو بتایا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ سے بے وفائی نہیں کی۔ 2025 کے اواخر سے کمپنی کے اندر بھی ان سے اس معاملے پر سوالات کیے جاتے رہے، جن کی وہ تردید کرتے رہے۔
6 نومبر کو فنانشل ٹائمز کی ایک رپورٹ میں امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا کہ جینسن ہوانگ اور ایلس ہوانگ کے درمیان تعلقات کاروباری نوعیت کے نہیں بلکہ رومانوی تھے۔ اس کے بعد اینوڈیا کے جنرل کونسل ٹم ٹیٹر نے جینسن ہوانگ سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی، جہاں مبینہ طور پر انہوں نے تعلقات کا اعتراف کیا۔
رپورٹ کے مطابق 8 نومبر کو جینسن ہوانگ نے کمپنی کے ملازمین کو ای میل بھیج کر اپنے ناجائز تعلقات کا اعتراف کیا، خاندان سے معافی مانگی اور بورڈ کی تحقیقات میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ اس دوران بورڈ نے الزامات کی تحقیقات کے لیے ایک معروف قانونی فرم کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا۔
بلومبرگ کے مطابق 11 نومبر کو نیویارک ٹائمز نے ایک اور رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ جینسن ہوانگ کے کمپنی کی ہیلتھ کیئر ڈویژن کی نائب صدر کمبرلی پاؤل کے ساتھ بھی مبینہ رومانوی تعلقات تھے۔ اس کے بعد کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ہنگامی آن لائن اجلاس منعقد کیا جو رات گئے تک جاری رہا اور بالآخر جینسن ہوانگ کو عہدہ چھوڑنا پڑا۔
12 نومبر کو بورڈ نے اعلان کیا کہ کمپنی کی چیف فنانشل آفیسر کولیٹ کریس عبوری چیف ایگزیکٹو کی ذمہ داریاں سنبھالیں گی۔ انہوں نے ملازمین کو اعتماد میں لینے کے لیے 18 نومبر کو کمپنی کے تمام ملازمین کے ساتھ خصوصی اجلاس منعقد کرنے کا اعلان بھی کیا۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ جینسن ہوانگ کی رخصتی کے بعد اینوڈیا کے لیے جانشین کا انتخاب ایک بڑا چیلنج ہوگا۔ ممکنہ امیدواروں میں ایڈوانسڈ مائیکرو ڈیوائسز (اے ایم ڈی) کی سی ای او لیزا سو اور آرم ہولڈنگز کے سربراہ رینے ہاس کے نام زیر غور ہیں۔
بلومبرگ کے مطابق جینسن ہوانگ محض ایک کمپنی کے سربراہ نہیں بلکہ ٹیکنالوجی کے ماہر، منتظم، مارکیٹنگ کے ماہر اور عالمی سطح پر اینوڈیا کا عوامی چہرہ بھی تھے۔ ان کی قیادت میں کمپنی نے مصنوعی ذہانت کی عالمی صنعت میں غیر معمولی مقام حاصل کیا۔
رپورٹ کے مطابق جینسن ہوانگ کو آنے والے ہفتوں میں امریکی کانگریس کے سامنے بھی پیش ہونا پڑ سکتا ہے، جہاں ان سے مبینہ تعلقات اور کمپنی کی جدید چپس سے متعلق حساس معلومات کی سلامتی کے بارے میں سوالات کیے جا سکتے ہیں۔ ان سے حالیہ دنوں میں بات کرنے والے افراد کا کہنا ہے کہ وہ اس وقت اپنی اہلیہ کے حوالے سے زیادہ فکرمند ہیں اور نہیں چاہتے کہ اس معاملے سے منسلک خواتین کی زندگیاں بھی متاثر ہوں۔



