پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے، فیلڈ مارشل عاصم منیر

اسلام آباد (کیپیٹل ڈیسک ) چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان کی معدنی دولت کو کارآمد بنانا ہمارا اجتماعی قومی مقصد ہے، معدنی ترقی کے ثمرات مقامی آبادیوں تک پہنچنا ضروری ہیں اور معدنیات سے مالا مال علاقوں کے لوگوں کی زندگیوں میں ٹھوس بہتری نظر آنی چاہیے۔
اسلام آباد میں جاری منرلز فورم سے خطاب کرتے ہوئے فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف خام مال برآمد کرنا نہیں بلکہ ریفائننگ اور مینوفیکچرنگ سمیت پوری ویلیو چین کو ترقی دینا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ایسی طویل المدتی شراکت داریوں کو فروغ دینا چاہتا ہے جو ملک اور اس کے شراکت داروں کے لیے پائیدار معاشی قدر کا باعث بنیں۔
فیلڈ مارشل کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام محنتی، دلیر اور پرعزم ہیں اور ان میں خوابوں کو حقیقت میں بدلنے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ ہمارے وسائل مواقع فراہم کرتے ہیں، جبکہ نتائج حاصل کرنے کے لیے عوام ہماری اصل طاقت اور عزم کا سرچشمہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہمیں صلاحیت سے پیداوار، وعدوں سے عمل اور خام مال کی برآمدات سے ویلیو ایڈڈ معاشی ترقی کی جانب بڑھنا ہوگا۔



