Businesslatest news
اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ
31 دسمبر تک تمام مرچنٹس کو ڈیجیٹل نظام میں شامل کرنے کا ہدف

اسلام آباد کو ملک کا پہلا مکمل کیش لیس شہر بنانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری کی زیر صدارت کیش لیس اسلام آباد منصوبے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں چیئرمین سی ڈی اے، بینکنگ سیکٹر کے نمائندوں اور دیگر حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں بینکنگ سیکٹر کے نمائندوں نے منصوبے کی کامیابی کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
اس موقع پر طلال چوہدری نے کہا کہ کیش لیس اسلام آباد منصوبے کی کامیابی کے لیے تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت اور تجاویز اہم ہیں۔ وزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ہدایت پر منصوبے پر تیزی سے عمل درآمد جاری ہے۔
انہوں نے بتایا کہ 30 نومبر کے بعد اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری (آئی سی ٹی) اور سی ڈی اے کے کسی بھی محکمے میں نقد ادائیگی نہیں کی جائے گی، جبکہ 31 دسمبر تک اسلام آباد کے تمام مرچنٹس کو کیش لیس نظام میں شامل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
طلال چوہدری کے مطابق کیش لیس نظام سے مالیاتی شفافیت، ٹیکس مانیٹرنگ اور لین دین کے نظام میں بہتری آئے گی۔ اسلام آباد میں پہلے ہی 26 ہزار مرچنٹس ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام سے منسلک ہیں، جبکہ ریڑھی بانوں سے لے کر بڑے کاروباری مراکز تک ڈیجیٹل ادائیگیوں کی سہولت فراہم کی جائے گی۔



