لاہور 353 اے کیو آئی کے ساتھ ملک کا 12واں آلودہ ترین شہر قرار

لاہور (عمران اسلم) صوبائی دارالحکومت لاہور بدھ کے روز 353 ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) کے ساتھ ملک کا 12واں آلودہ ترین شہر قرار پایا۔ پنجاب انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (ای پی اے) کے ڈیش بورڈ کے مطابق بھکر، جھنگ، کوٹ ادو، ننکانہ صاحب اور پاکپتن میں آلودگی کی شرح 500 ریکارڈ کی گئی، جبکہ قصور میں 440، ساہیوال میں 429، مظفرگڑھ میں 427 اور سرگودھا میں 419 اے کیو آئی ریکارڈ ہوا۔
لاہور میں شام کے وقت مختلف مقامات پر فضائی آلودگی کی سطح میں نمایاں فرق دیکھا گیا۔ کاہنہ نو میں اے کیو آئی 496 کے ساتھ سب سے زیادہ رہا، جبکہ جی ٹی روڈ پر 421 اور شاہدرہ میں 393 ریکارڈ کیا گیا۔ ایجرٹن روڈ پر 377 اور ڈی ایچ اے فیز سکس میں 373 اے کیو آئی رہا، جبکہ سفاری پارک میں سب سے کم شرح 115 ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق خیبرپختونخوا، گلگت بلتستان، کشمیر، پوٹھوہار ریجن اور اسلام آباد کے بعض علاقوں میں بارش، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ شمال مشرقی اور وسطی پنجاب میں بھی شام یا رات کے وقت کہیں کہیں بارش متوقع ہے، جبکہ بعض مقامات پر ژالہ باری اور موسلادھار بارش ہو سکتی ہے۔
موسمی پیش گوئی میں لاہور سمیت نارووال، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، فیصل آباد، ملتان اور کوٹ ادو میں صبح کے اوقات میں بعض مقامات پر دھند یا اسموگ چھائے رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔



