latest newsPolitics

پی ٹی آئی اور حکام کے پسِ پردہ رابطوں میں اہم پیشرفت، عمران خان کے اہلِ خانہ بھی شامل ہوگئے

اسلام آباد: تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور حکام کے درمیان پسِ پردہ رابطوں میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، ذرائع کے مطابق پہلی مرتبہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کے اہلِ خانہ بھی براہِ راست ان رابطوں کا حصہ بن گئے ہیں، جس سے آئندہ چند روز میں ممکنہ پیشرفت کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کے اہلِ خانہ کی شمولیت کو سیاسی کشیدگی کم کرنے اور بانی پی ٹی آئی، ان کے خاندان اور پارٹی کو درپیش مسائل محاذ آرائی کے بجائے بات چیت کے ذریعے حل کرنے کی کوششوں میں اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

رابطوں سے آگاہ ذرائع کے مطابق ان کوششوں کے نتیجے میں ابتدائی پیشرفت بھی ہوئی ہے، جس میں عمران خان کی اپنے اہلِ خانہ اور بہنوں سے ملاقات کا انتظام شامل ہے۔ اسے مزید رابطوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی جانب مثبت قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

ذرائع نے امکان ظاہر کیا ہے کہ آئندہ چند روز میں کچھ ٹھوس نتائج سامنے آسکتے ہیں اور عمران خان کی دو بہنوں کو بھی رہائی مل سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان یا تصدیق سامنے نہیں آئی۔

اطلاعات کے مطابق ان رابطوں میں پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں اور رابطہ کاروں کے علاوہ حکومتی اور سرکاری حلقے بھی شامل ہیں، تاہم کوئی بھی فریق فی الحال اپنے کردار کو عوامی سطح پر ظاہر کرنے کے لیے تیار نہیں۔ پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو ان رابطوں میں اہم کردار ادا کرنے والا قرار دیا جا رہا ہے، تاہم انہوں نے اس معاملے پر تبصرے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایسے معاملات پر بات نہیں کر سکتے۔

عمران خان کے بہنوئی احد خان کو بھی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کے دوران ان پسِ پردہ رابطوں کا اعتراف کرتے سنا گیا ہے۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب سیاسی کشیدگی میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور بیانات کی تلخی اور محاذ آرائی کے باوجود کوئی بامعنی پیشرفت نہیں ہو سکی۔ ذرائع کے مطابق عمران خان کے اہلِ خانہ کی شمولیت سے رابطوں کے مزید راستے کھلنے اور معاملات کو زیادہ تعمیری انداز میں آگے بڑھانے کی گنجائش پیدا ہو سکتی ہے۔

رابطوں سے واقف ایک ذریعے کا کہنا ہے کہ کوشش کی جا رہی ہے کہ آئندہ چند روز میں ان رابطوں کو ٹھوس اقدامات میں تبدیل کیا جائے، جو پی ٹی آئی اور حکام کے درمیان وسیع تر مفاہمت کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔ اگر یہ کوشش کامیاب ہوئی تو اسے سیاسی محاذ آرائی میں کمی اور مذاکرات کے ذریعے مسائل کے حل کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا سکے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button