کوپ 31 سربراہی اجلاس: امیر ممالک کے سربراہان کی عدم شرکت، موسمیاتی تعاون کے عزم پر سوالات اٹھنے لگے

انطالیہ: اقوام متحدہ کی سالانہ موسمیاتی کانفرنس کوپ 31 کے رہنماؤں کے اجلاس میں کئی امیر ممالک کے سربراہان کی عدم شرکت نے موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنے کے لیے عالمی تعاون کے عزم پر سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
ترقی پذیر ممالک ایک ایسے وقت میں موسمیاتی نقصانات سے نمٹنے، بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے مطابق خود کو ڈھالنے اور تباہ کن قدرتی آفات سے بحالی کے لیے زیادہ مالی معاونت کا مطالبہ کر رہے ہیں جب کئی ترقی یافتہ ممالک کے سربراہان اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔
جرمنی، فرانس، اٹلی، ڈنمارک، سویڈن، آئرلینڈ اور نیدرلینڈز کے رہنما ان یورپی سربراہان میں شامل ہیں جو انطالیہ اجلاس میں موجود نہیں۔ کینیڈا کے وزیراعظم مارک کارنی اور جاپان کی وزیراعظم سانائے تاکائیچی بھی شریک نہیں ہوئیں، تاہم ان ممالک کی نمائندگی وزرا اور دیگر اعلیٰ حکام کر رہے ہیں۔
سول سوسائٹی کی عالمی تنظیموں کے اتحاد کلائمیٹ ایکشن نیٹ ورک (CAN) نے رہنماؤں کی خالی نشستوں کو حکومتوں کے کثیرالجہتی تعاون سے متعلق عوامی وعدوں اور اعلیٰ ترین سیاسی سطح پر ان وعدوں کو عملی طور پر ظاہر کرنے کی آمادگی کے درمیان تشویشناک فرق قرار دیا ہے۔
تنقید میں اس لیے بھی اضافہ ہوا ہے کہ کئی یورپی رہنما رواں ہفتے ڈبلن میں یورپی سیاسی برادری اور یورپی کونسل کے اجلاسوں میں شرکت کریں گے۔ 13 نومبر کو ہونے والے یورپی کونسل کے اجلاس میں مصنوعی ذہانت کے موضوع پر بھی گفتگو ہوگی۔ موسمیاتی کارکنوں نے سوال اٹھایا ہے کہ سیاسی رہنما نئی ٹیکنالوجی پر بات چیت کے لیے وقت نکال سکتے ہیں تو موسمیاتی بحران کے اجلاس میں شرکت کیوں نہیں کر سکتے۔
فوسل فیول ٹریٹی انیشی ایٹو کے اسٹریٹجک مشیر اور ’فل دی فنڈ‘ مہم کے عالمی کنوینر ہرجیت سنگھ نے کہا کہ امیر ممالک کے سربراہان کی عدم شرکت محض خالی نشستوں کا معاملہ نہیں بلکہ اس کے عملی نتائج بھی ہو سکتے ہیں۔ ان کے مطابق وزرائے اعظم اور صدور کی غیر موجودگی میں ان کے وفود کو موسمیاتی مالی معاونت اور نقصانات کے ازالے سے متعلق تعطل ختم کرنے کے لیے مطلوبہ سیاسی اختیار حاصل نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ کثیرالجہتی تعاون کا اصل امتحان اہم موقع پر موجودگی اور عملی کردار ادا کرنا ہے۔
کلائمیٹ ایکشن نیٹ ورک یورپ کی ڈائریکٹر چیرا مارٹینیلی نے کہا کہ یورپی رہنماؤں نے اجلاس میں شرکت نہ کرکے اعتماد سازی اور عالمی موسمیاتی تعاون کے لیے اعلیٰ سیاسی حمایت ظاہر کرنے کا اہم موقع گنوا دیا ہے۔ ان کے مطابق رہنماؤں کی غیر موجودگی سے مذاکرات نہیں رکیں گے، تاہم اس سے شریک وزرا اور مذاکرات کاروں کی ذمہ داری بڑھ گئی ہے۔
ترقی پذیر ممالک کا مؤقف ہے کہ قرضے مالی امداد یا گرانٹس کا متبادل نہیں ہو سکتے، کیونکہ یہ ممالک پہلے ہی قرضوں کے بوجھ اور موسمیاتی آفات کے بڑھتے ہوئے اخراجات کا سامنا کر رہے ہیں۔ ہرجیت سنگھ نے خبردار کیا کہ تاریخی طور پر زیادہ کاربن اخراج کے ذمہ دار ممالک کی جانب سے بار بار ذمہ داری سے گریز عالمی اعتماد کو نقصان پہنچا رہا ہے اور موسمیاتی تعاون کے نظام کو خطرے میں ڈال رہا ہے۔
ماہرین کے مطابق سربراہان کی عدم موجودگی کے باوجود مذاکرات جاری رہ سکتے ہیں اور ان کا نتیجہ اس بات پر منحصر ہوگا کہ حکومتیں کن اقدامات پر اتفاق کرتی اور انہیں عملی جامہ پہناتی ہیں۔ تاہم موسمیاتی اقدامات کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے والے اجلاس میں اعلیٰ سیاسی قیادت کی عدم شرکت اس عمل کو حکومتوں کی جانب سے دی جانے والی ترجیح پر سوالیہ نشان ہے۔



