کرپشن سے متعلق بیان واپس نہیں لوں گا، حقیقت بیان کی ہے، چوہدری سالک حسین

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین نے کہا ہے کہ پنجاب میں کرپشن سے متعلق میرے بیان کے بعد بھی بدعنوانی ختم نہیں ہوئی بلکہ مزید کھل کر سامنے آگئی ہے، اپنا بیان کبھی واپس نہیں لوں گا کیونکہ یہ حقیقت ہے۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ گجرات میں ڈیڑھ سال سے ڈپٹی کمشنر تعینات تھیں اور اس دوران کوئی مسئلہ نہیں تھا، کام کی بہتر کوآرڈینیشن تھی۔ ڈیڑھ سال قبل ہم نے کہا تھا کہ ایسا ڈپٹی کمشنر تعینات کیا جائے جسے اربن ڈیولپمنٹ کا تجربہ ہو، تاہم تعیناتی کے بعد ہم نے کوئی اعتراض نہیں کیا۔ ان کے بقول وزیراعلیٰ مریم نواز نے غلط معلومات کی بنیاد پر بیان دیا، ایسی باتیں کسی حکمران کو زیب نہیں دیتیں۔
انہوں نے کہا کہ کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پہلے دن سے ہونی چاہیے۔ عام انتخابات میں ابھی ڈھائی سال باقی ہیں، اس لیے انہیں معلوم نہیں کہ کس الیکشن کی بات کی جا رہی ہے۔ اپنا بیان واپس نہیں لوں گا اور نوٹس کا جواب تیار ہے، جو ایک دو روز میں بھجوا دوں گا۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اپنے والد سے پوچھ لیں کہ چوہدری شجاعت حسین کس شخصیت کے مالک ہیں۔ ان کے بقول جب کسی معاملے کی نشاندہی کی جاتی ہے تو جواب دینے کا ایک طریقہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر سیاست میں ہیں تو عورت کارڈ نہیں کھیلنا چاہیے، سیاست میں رہتے ہوئے نامناسب بات کی جائے گی تو جواب بھی ملے گا۔ چوہدری شجاعت پر آج تک کرپشن کا الزام نہیں لگا، انہوں نے صرف عزت کمائی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے ساری بات اپنے اوپر لے لی، حالانکہ انہوں نے پنجاب حکومت میں کرپشن کی نشاندہی کی تھی۔ وزیراعلیٰ آئے روز کرپشن کے خلاف کارروائیوں کا اعلان کرتی ہیں، لیکن میرے بیان کے بعد کرپشن ختم نہیں ہوئی بلکہ زیادہ کھل کر سامنے آگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وہ انٹرویو دیتے وقت کبھی یہ نہیں پوچھتے کہ سوالات کیا ہوں گے۔ اگر ان سے خیبر پختونخوا میں کرپشن کے حوالے سے سوال کیا جاتا تو وہ اس کی بھی تصدیق کرتے۔ ہم اتحادی حکومت کا حصہ ہیں اور اتحاد کے وقت وزارتوں کی تقسیم پر اتفاق ہوا تھا۔ اگر کسی کو لگتا ہے کہ اب اتحادیوں کی ضرورت نہیں تو اس کے نتائج بھی اسی بات سے جڑے ہوں گے۔
چوہدری سالک حسین کا کہنا تھا کہ ان کے بیان کے آدھے گھنٹے بعد ہی وزیراطلاعات پنجاب نے جارحانہ پریس کانفرنس کی۔ ان کے مخاطب کرنے اور بات کرنے کا انداز ایسا ہے کہ وہ جواب دینا مناسب نہیں سمجھتے۔
انہوں نے بتایا کہ وفاقی وزیر اطلاعات نے معاملہ حل کرنے کی کوشش کی اور ان سے ملاقات میں تمام باتیں بتائی گئیں۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے شام کو وضاحتی بیان جاری کرنے کا کہا، جس کے بعد معاملہ ختم ہو سکتا تھا، تاہم وزیراطلاعات پنجاب کے مزید بیانات سے تنازع بڑھ گیا۔ ان کے بقول وزیراعلیٰ کا گزشتہ روز کا بیان بھی حد سے تجاوز کرنے کے مترادف تھا۔ وزیراعظم نے اس معاملے پر ان سے کوئی رابطہ نہیں کیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ انا یا ذاتی مفاد کے لیے بات نہیں کرتے، تاہم عزت نفس کو نشانہ بنایا جائے گا تو ردعمل بھی آئے گا۔ انہوں نے اس بات کی پروا نہیں کی کہ ان کے بھائی بھی پنجاب حکومت میں ہیں، کیونکہ جو حقیقت ہے وہ بیان کرنا ضروری تھا۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ وہ اپنے مؤقف کے ثبوت ضرور پیش کریں گے، ممکن ہے ان کے پاس کچھ ایسی معلومات بھی ہوں جو ابھی سامنے نہیں آئیں۔ یہ معاملہ عدالت میں واضح ہوگا۔ ان کے مطابق پاکستان میں یہ پہلا واقعہ ہے کہ کسی صوبے کے ایگزیکٹو نے کسی شخص کو ہتک عزت کا نوٹس بھجوایا ہو۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے پنجاب حکومت کے حوالے سے بات کی تھی، لیکن اسے ذاتی طور پر لے لیا گیا، کسی معاملے کی نشاندہی کرنا ہتک عزت نہیں۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ بیرون ملک بیٹھے لوگوں سے ان کا کوئی تعلق نہیں، ہم نے ان کے خلاف الیکشن لڑا ہے۔ شاید انہیں نیچا دکھانے کے لیے ان لوگوں کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ چوہدری شجاعت حسین کو مسلم لیگ (ق) کی صدارت سے ہٹانے کی بھی کوشش کی گئی تھی۔ اتحاد کے وقت بھی ہماری نیت ٹھیک تھی اور اب بھی درست ہے، آگے کیا ہوتا ہے یہ دوسری طرف کے ظرف پر منحصر ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 2025 میں ایلیٹ فورس فراہم کی گئی تھی، جسے اب واپس لے لیا گیا ہے۔ اہلکاروں کو ہدایت کی گئی کہ اگر وہ رات 12 بجے تک واپس نہ آئے تو انہیں معطل کر دیا جائے گا۔ ان کے بقول اگر آئندہ انتظامات کی تفصیلات بتا دی جاتیں تو ان کے لیے بھی صورتحال سمجھنا آسان ہوتا۔ انہوں نے واضح کیا کہ بیان دیتے وقت ان کے پیش نظر کوئی مخصوص محرکات نہیں تھے۔



