عمران خان کی صحت اور رسائی کا معاملہ اہم عدالتی شخصیت کے سامنے اٹھایا گیا، نجی اسپتال منتقلی کا امکان

اسلام آباد: ذرائع کے مطابق 9 نومبر کو بیرسٹر گوہر، سینیٹر علی ظفر اور سلمان صفدر کی ایک اہم عدالتی شخصیت سے ملاقات ہوئی، جس کے بعد گزشتہ روز دو وکلا کو بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اجازت دینے کے احکامات جاری کیے گئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں بانی پی ٹی آئی کی صحت اور ان تک رسائی کے معاملے پر گفتگو ہوئی تھی۔ عمران خان کو گزشتہ رات پمز اسپتال منتقل کیا جانا بھی اسی ملاقات کا نتیجہ قرار دیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق بیرسٹر گوہر خان عمران خان کی پمز منتقلی سے باخبر تھے، جبکہ آنے والے دنوں میں انہیں کسی نجی اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔ اس حوالے سے نجی اسپتال کی انتظامیہ کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے، تاہم یہ کہنا قبل ازوقت ہے کہ عمران خان کو کتنے روز کے لیے اسپتال میں رکھا جائے گا۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنوں کی رہائی کا معاملہ بھی زیر غور ہے اور آنے والے دنوں میں اس حوالے سے پیشرفت کا امکان ہے۔ بشریٰ بی بی کی صحت کے حوالے سے بھی پیشرفت ہوئی ہے اور انہیں چند روز میں اسپتال منتقل کیے جانے کا امکان ہے۔ پروفیسر ڈاکٹر ندیم قریشی کی بیرون ملک سے واپسی کے بعد بشریٰ بی بی کا مکمل طبی معائنہ کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق آج بیرسٹر سلمان صفدر اور لطیف کھوسہ کی عمران خان سے ملاقات میں صرف قانونی اور سیاسی امور پر گفتگو ہوئی۔



