افغانستان سے تجارتی کشیدگی، 13 ماہ میں پاکستان کی برآمدات میں ایک ارب 30 کروڑ ڈالر کی کمی

اسلام آباد: افغانستان کے ساتھ تجارتی تنازع کے باعث گزشتہ 13 ماہ کے دوران پاکستان کی برآمدات میں ایک ارب 30 کروڑ ڈالر جبکہ ٹرانزٹ آمدن میں 20 کروڑ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
وفاقی وزارت تجارت کی دستاویز کے مطابق اکتوبر 2025 سے اب تک پاکستان کی برآمدات میں نمایاں کمی ہوئی ہے۔ اس دوران پاکستان نے ایرانی کوریڈور کے ذریعے وسط ایشیائی ریاستوں کو برآمدات میں معمولی اضافہ کیا ہے۔
دستاویز کے مطابق وسط ایشیائی ریاستوں کو پاکستان کی برآمدات مالی سال 2024-25 میں 38 کروڑ ڈالر سے بڑھ کر 2025-26 میں 39 کروڑ 20 لاکھ ڈالر ہو گئیں۔ تاہم ٹرانزٹ لاگت اور وقت میں اضافے کے باعث گوشت اور فارماسیوٹیکل سمیت اہم شعبے متاثر ہوئے ہیں۔
وزارت تجارت کی دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ وسط ایشیائی ریاستوں نے اپنی تجارت کے لیے ترکیہ کے مرکز والا مڈل کوریڈور اختیار کر لیا ہے، جبکہ افغانستان نے جارجیائی اور ایرانی کوریڈورز کی جانب رخ کر لیا ہے۔
دستاویز کے مطابق روس کے ساتھ بحری شپنگ پر پابندیوں کے باعث پاکستان اور روس کے درمیان تجارت بھی زمینی راستوں سے ہو رہی تھی، جو اب متاثر ہوئی ہے۔
افغانستان نے اپنی بیشتر تجارت اور ٹرانزٹ سرگرمیاں پاکستان سے منتقل کرکے ایران اور وسط ایشیائی ریاستوں کی جانب منتقل کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں ازبکستان اور قازقستان کو ترجیح دی گئی ہے، جبکہ بھارت، چین اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی تجارتی روابط بڑھائے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان نے سکیورٹی صورتحال کے باعث اکتوبر 2025 میں طورخم اور چمن کے سرحدی راستے تمام تجارتی سرگرمیوں کے لیے غیر معینہ مدت تک بند کر دیے تھے۔



