صدر زرداری سے ملاقات کے لیے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما دو گھنٹے انتظار کرتے رہے

نواب شاہ: صدر مملکت آصف علی زرداری سے ملاقات کے لیے آنے والے پاکستان پیپلز پارٹی کے متعدد سینئر رہنماؤں اور منتخب نمائندوں کو بدھ کے روز زرداری ہاؤس کے باہر دو گھنٹے سے زائد انتظار کرنا پڑا۔
ذرائع کے مطابق قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر سید غلام مصطفیٰ شاہ، سندھ اسمبلی کے ارکان اور بلدیاتی نمائندے صدر سے ملاقات کے لیے زرداری ہاؤس پہنچے، تاہم سکیورٹی ضوابط کے باعث انہیں فوری طور پر اندر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
انتظار کرنے والوں میں سندھ اسمبلی کے رکن غلام قادر چانڈیو، ایم پی اے ڈاکٹر بہادر ڈاہری اور سابق رکن اسمبلی سید فصیح احمد شاہ بھی شامل تھے۔
نواب شاہ کے میئر قاضی رشید بھٹی اور ڈپٹی میئر مبشر آرائیں بھی صدر سے ملاقات کے منتظر رہے۔
پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں اور بلدیاتی نمائندوں کو طویل انتظار کرنا پڑا، جس کے باعث زرداری ہاؤس کے باہر غیر معمولی صورت حال دیکھنے میں آئی۔



