column and articlelatest news

صدی کے پرانے اور نئے لوگ

میری بات/روہیل اکبر

وقت کبھی کسی کے لیے نہیں رکتا یہ اپنی رفتار سے آگے بڑھتا رہتا ہے اور اپنے ساتھ بہت کچھ لے جاتا ہے۔ کچھ یادیں، کچھ چہرے، کچھ رشتے اور کچھ ایسی روایات جن کی اہمیت کا احساس ہمیں اس وقت ہوتا ہے جب وہ ہمیشہ کے لیے ہم سے بچھڑ چکی ہوتی ہیں۔نئی صدی کی پہلی نسل جوان ہو چکی ہے اور پچھلی صدی کے آخری لوگ آہستہ آہستہ رخصت ہونے کی تیاری کر رہے ہیں۔

یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے ایک دنیا کو بدلتے ہوئے اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے جنہوں نے مٹی کے گھروں سے بلند عمارتوں تک، لالٹین سے بجلی کے قمقموں تک، خط سے موبائل فون تک اور ریڈیو سے سوشل میڈیا تک کا سفر طے کیا ہے۔ ان کے پاس صرف زندگی کا تجربہ نہیں بلکہ ایک پورے زمانے کی تاریخ محفوظ ہے یہ نسل اپنے ساتھ ایک مخصوص تہذیب، لباس، گفتگو کا انداز، رکھ رکھاؤ، شرم و حیا، وضع داری اور رشتوں کی وہ گرم جوشی لیے ہوئے ہے جو آج کی تیز رفتار زندگی میں کہیں کھو رہی ہے۔

ذرا ان لوگوں کے پاس بیٹھیں، ان کی باتیں سنیں، ان کے قصے پوچھیں۔ ان سے معلوم کریں کہ عید کیسے منائی جاتی تھی؟ شادی بیاہ میں پورا محلہ کیسے شریک ہوتا تھا؟ کسی کے گھر خوشی آتی تو مبارک باد دینے کے لیے لوگ خود چل کر کیوں جاتے تھے؟ کسی کے ہاں وفات ہو جاتی تو محلے کے لوگ کئی کئی دن اس گھر کا چولہا کیوں نہیں جلنے دیتے تھے؟ کسی کی بیٹی کی شادی ہوتی تو پورا محلہ اسے اپنی بیٹی کیوں سمجھتا تھا؟ ان سے پوچھیں کہ وہ خط لکھنے کا انتظار کیسا ہوتا تھا؟ ڈاکیے کی آواز سن کر دل کیوں دھڑکتا تھا؟ عید کے نئے کپڑوں کی خوشبو، چاند رات کی رونق، گلیوں میں کھیلتے بچے، بزرگوں کی محفلیں اور سردیوں کی دھوپ میں بیٹھ کر گھنٹوں ہونے والی گفتگو کیسی ہوتی تھی؟ وہ بتائیں گے کہ اس وقت لوگوں کے پاس دولت کم تھی مگر وقت بہت تھا۔

گھروں میں سہولتیں کم تھیں مگر دلوں میں گنجائش زیادہ تھی۔ موبائل فون نہیں تھے مگر ایک دوسرے کی خبر رکھنے کے لیے دل بے چین رہتے تھے۔ آج ہزاروں دوست سوشل میڈیا پر موجود ہیں لیکن مشکل وقت میں دروازہ کھٹکھٹانے والے کم ہوتے جا رہے ہیں ہم نے ترقی ضرور کی ہے دنیا ہماری انگلیوں پر آ گئی ہے مگر اس ترقی کی دوڑ میں کہیں ہم نے اپنے رشتوں کی قربت، بزرگوں کی دعائیں اور اپنوں کے ساتھ بیٹھنے کا سلیقہ تو نہیں کھو دیا؟ آج کی نوجوان نسل کو چاہیے کہ وہ اپنے والدین، دادا دادی، نانا نانی اور خاندان کے بزرگوں کے ساتھ زیادہ وقت گزارے۔ ان کی زندگی کے واقعات ریکارڈ کرے، ان کی تصاویر محفوظ کرے ان کے تجربات لکھے اور ان سے وہ باتیں سیکھے جو کسی کتاب، یونیورسٹی یا انٹرنیٹ پر نہیں ملتیں۔ کیونکہ بزرگ صرف خاندان کا حصہ نہیں ہوتے بلکہ وہ ایک زندہ تاریخ ہوتے ہیں۔

یاد رکھیے بزرگوں کے پاس بیٹھنا وقت ضائع کرنا نہیں بلکہ اپنی تاریخ، تہذیب اور شناخت کو محفوظ کرنا ہے۔ ان کے چہرے پر پڑی جھریاں عمر کی نشانیاں ہی نہیں بلکہ ان گنت کہانیوں، قربانیوں اور آزمائشوں کی تحریریں ہیں ہم اکثر سمجھتے ہیں کہ والدین اور بزرگ ہمیشہ ہمارے درمیان رہیں گے۔ ہم کل ان کے پاس بیٹھ لیں گے، کل ان کی بات سن لیں گے، کل ان کے ساتھ وقت گزار لیں گے۔

زندگی کا سب سے بڑا المیہ یہی ہے کہ یہ کل کبھی کبھی آنے سے پہلے ہی گزر جاتا ہے پھر گھر میں ان کی کرسی خالی رہ جاتی ہے، ان کا کمرہ خاموش ہو جاتا ہے، ان کی آواز سننے کو کان ترس جاتے ہیں اور ان کے فون کا انتظار کرتے کرتے انسان خود فون اٹھا کر ان کا نمبر دیکھتا رہ جاتا ہے مگر دوسری طرف سے کوئی آواز نہیں آتی یہ آخری نسل ہے جو شاید ہمیں بتا سکتی ہے کہ انسانیت، محبت، برداشت، وضع داری اور رشتوں کی پاسداری کیا ہوتی ہے۔

ان کے جانے کے بعد صرف لوگ کم نہیں ہوں گے بلکہ ایک پورا عہد، ایک طرزِ زندگی اور یادوں کا ایک خزانہ بھی ہمارے ہاتھوں سے نکل جائے گا اس لیے آج ہی اپنے بزرگوں کے پاس بیٹھیں ان کے ہاتھ تھامیں ان کی باتیں سنیں ان کے ساتھ ہنسیں ان کی غلطیوں کو برداشت کریں اور ان کی موجودگی کی قدر کریں کیونکہ کچھ لوگ زندگی میں دوبارہ نہیں ملتے۔ ان کے جانے کے بعد نہ آواز دینے سے وہ واپس آتے ہیں نہ پچھتانے سے اور نہ ہی آنسو بہانے سے میری بات بس یہی ہے کہ اپنی آخری نسل کو وقت دیجیے اس سے پہلے کہ وقت اسے ہم سے چھین لے.

(روہیل اکبر03004821200)

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button