latest newsPakistan

لاہور ہائی کورٹ میں مقدمات کی سماعت اور فیصلے

رپورٹ: مبشر حسن

لاہور ہائیکورٹ میں لاپتہ افراد کی بازیابی سے متعلق کیس کی سماعت چیف جسٹس عالیہ نیلم کی مصروفیات کے باعث بغیر کارروائی کے ملتوی ہوگئی۔ چیف جسٹس کی کاز لسٹ منسوخ ہونے کے باعث سلمیٰ بی بی کی بیٹی کی بازیابی کی درخواست پر سماعت نہ ہوسکی۔

لاہور ہائیکورٹ میں ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت نہ ہوسکی، چیف جسٹس عالیہ نیلم کی کاز لسٹ منسوخ ہونے کے باعث درخواست کی سماعت ملتوی ہوگئی،
دریں اثناء ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور کے ڈائریکٹر اچھا کام کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈائریکٹر کی منظوری ضروری ہے، تمام تفتیشی افسران قانون کے مطابق کام کرنے کے پابند ہیں۔سرکاری زمین پر قابض شخص کی اپیل خارج، حکومت زمین کا استعمال بدل سکتی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ نے سرکاری زمین پر قابض شخص کی اپیل خارج کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ حکومت اپنی زمین کے استعمال کا طریقہ اپنی مرضی سے تبدیل کرسکتی ہے، جبکہ ناجائز قابض کو سرکاری زمین کے استعمال پر اعتراض کا حق حاصل نہیں، جسٹس چوہدری محمد اقبال اور جسٹس مزمل اختر شبیر پر مشتمل دو رکنی بینچ نے مسعود احمد کی اپیل پر چھ صفحات پر مشتمل فیصلہ جاری کیا، جسے عدالتی نظیر قرار دیا گیا ہے، جسٹس مزمل اختر شبیر نے پاکپتن میں 76 کنال سرکاری زمین کی اسکیم تبدیل کرنے کا فیصلہ برقرار رکھتے ہوئے قرار دیا کہ ناجائز قابض متاثرہ فریق نہیں ہوتا، سرکاری زمین پر قبضہ کسی شخص کو کوئی قانونی حق نہیں دیتا۔
فیصلے میں قرار دیا گیا کہ سابق عدالتی حکم میں کی گئی عارضی نوعیت کی باتوں سے کوئی مستقل حق پیدا نہیں ہوتا، عدالت نے سنگل بینچ کا فیصلہ درست قرار دیتے ہوئے اپیل مسترد کردی،
عدالت نے قرار دیا کہ مذکورہ سرکاری زمین اب لمبرداری اسکیم کے تحت دی جائے گی۔

لاہور ہائیکورٹ نے سیلز ٹیکس ریٹرنز ان بلاک کرنے کی درخواست پر چیئرمین ایف بی آر کو قانون کے مطابق ایک ماہ میں فیصلہ کرنے کا حکم دے دیا، جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے شہری محمد عاطف کی درخواست پر تحریری حکم جاری کیا،درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایف بی آر نے شہری کے سیلز ٹیکس ریٹرنز بلاک کردیئے ہیں، جس کے بعد ریٹرنز اوپن کرانے کیلئے ایف بی آر میں متعدد درخواستیں بھی دی گئیں مگر شنوائی نہیں ہوئی، ریٹرنز بلاک کرکے شہری کو نان فائلر کردیا گیا۔
وکیل نے عدالت کو بتایا کہ سیلز ٹیکس ریٹرنز اوپن کرنے کا اختیار چیئرمین ایف بی آر نے اپنے پاس رکھ لیا ہے۔ ریٹرنز بلاک ہونے سے شہریوں کے ساتھ ساتھ قومی خزانے کو بھی نقصان پہنچ رہا ہے،
عدالت نے درخواست نمٹاتے ہوئے چیئرمین ایف بی آر کو ہدایت کی کہ درخواست گزار کی سیلز ٹیکس ریٹرنز اوپن کرنے کی درخواست پر قانون کے مطابق ایک ماہ میں فیصلہ کیا جائے۔

لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب یونیورسٹی کے ملازمین کو انکریمنٹ نہ دینے کے معاملے میں درخواستیں منظور کرتے ہوئے ملازمین کی جاری کردہ انکریمنٹ بحال کرنے کا حکم دے دیا، جسٹس شیرین عمران نے درخواستوں پر سماعت کی۔ درخواست گزار محمد یاسین وغیرہ کی جانب سے سپریم کورٹ کے وکیل آصف چھٹہ پیش ہوئے، درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ محمد یاسین وغیرہ کو ترقی دے کر اسسٹنٹ رجسٹرار بنایا گیا، تاہم ادارے نے ان کی پری میچور انکریمنٹ کاٹ دی۔ وکیل نے استدعا کی کہ ملازمین کو جاری کی گئی انکریمنٹ بحال کرنے کا حکم دیا جائے، عدالت نے ریمارکس دیئے کہ جو فائدہ انکریمنٹ کی صورت میں ملازمین کو ایک مرتبہ دے دیا جائے، وہ واپس نہیں لیا جاسکتا، عدالت نے درخواست گزاروں کی درخواستیں منظور کرتے ہوئے ملازمین کی انکریمنٹ بحال کرنے کا حکم دے دیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button