latest newsPakistan

لاہور ہائیکورٹ میں مقدمات کی سماعت اور فیصلے

رپورٹ: مبشرحسن

لاہور ہائیکورٹ میں عدالتی احکامات کے باوجود تین کنال سے زائد اراضی پر تعمیرات کی اجازت نہ دینے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت، چیف جسٹس عالیہ نیلم نےسیکرٹری دفاع کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا،درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ شہری خالد حبیب کی ملتان روڈ پر تین کنال سات مرلہ اراضی کا خالی پلاٹ موجود ہے،وکیل نے عدالت کو بتایا کہ وفاقی حکومت نے 1979 میں تین کنال سے زائد اراضی پر تعمیرات نہ کرنے سے متعلق نوٹیفکیشن جاری کیا تھا، تاہم 2023 میں لاہور ہائیکورٹ نے درخواست گزار کو مذکورہ پلاٹ پر تعمیرات کرنے کی اجازت دے دی تھی،درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ عدالتی احکامات کے باوجود تاحال پلاٹ پر تعمیرات کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔

لاہور ہائیکورٹ میں وفاقی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نبیل اعوان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست پر سماعت، چیف جسٹس عالیہ نیلم نےفیڈرل سروس ٹربیونل کے روبرو پیش سفارشات اور متعلقہ ریکارڈ 26 نومبر کو طلب کرلیا،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ اگر عدالت سفارشات سے مطمئن نہ ہوئی تو توہین عدالت کی کارروائی شروع کی جائے گی،وفاقی حکومت کے وکیل نے استدعا کی کہ فیڈرل سروس ٹربیونل کے فیصلے پر عملدرآمد کے لیے مہلت دی جائے، کیس وزیراعظم پاکستان کی سربراہی میں سینٹرل سلیکشن بورڈ کے سامنے پیش کرکے عملدرآمد کیا جائے گا، عدالت ے وفاقی وکیل سے استفسار کیا کہ آپ نے ضد بنا لی، کیا عدالت کے ساتھ ضد چلتی ہے؟ وکیل نے استدعا کی کہ عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کے لیے کچھ مہلت دی جائے،عدالت نے استفسار کیا کہ کیا فیڈرل سروس ٹربیونل کا فیصلہ منگوا لیا جائے؟ عدالت نے سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ سے مخاطب ہوکر پوچھا کہ لا افسر نے جو کہا ہے، کیا وہ درست ہے؟درخواست گزار نے موقف اپنایا فیڈرل سروس ٹربیونل نے ڈی آئی جی احمد ناصر عزیز کی سنیارٹی سے متعلق درخواست پر فیصلہ دیا تھا، تاہم اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے فیصلے پر عملدرآمد نہیں کیا، درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے لاہور ہائیکورٹ میں فیصلے پر عملدرآمد کی یقین دہانی بھی کرائی تھی، لیکن اس کے باوجود عدالتی احکامات پر عمل نہیں کیا گیا، جو توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے۔

لاہور ہائیکورٹ کےجسٹس عثمان غنی راشد چیمہ نے جلو پارک کے قریب کینال پر فلوٹنگ ریسٹورنٹ منصوبے کیخلاف درخواست پر 16 نومبر کو حتمی دلائل طلب کرلئے، عدالتی حکم پر درخواست گزار کے وکیل اظہر صدیق نے جواب الجواب بھی داخل کردیا،درخواست گزار کے وکیل نے مؤقف اختیار کیا کہ پنجاب ہارٹی کلچر اتھارٹی (پی ایچ اے) کو فلوٹنگ ریسٹورنٹ منصوبہ شروع کرنے کا قانونی اختیار حاصل نہیں تھا،درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ منصوبے پر 56 کروڑ روپے خرچ کیے جاچکے ہیں جبکہ کینال ہریٹیج ایکٹ کے تحت نہر پر کسی بھی قسم کی تعمیرات نہیں کی جاسکتیں،درخواست گزار نے مزید مؤقف اختیار کیا کہ فلوٹنگ ریسٹورنٹ کی تعمیر کے لیے نہر کے کنارے موجود درخت بھی کاٹے جا رہے ہیں، لہٰذا منصوبے کا تعمیراتی کام فوری طور پر روکنے کے احکامات جاری کئے جائیں۔

لاہور ہائیکورٹ میںپنجاب میں بلدیاتی انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کرانے کیخلاف درخواستیں جلد سماعت کے لیے مقرر کرنے کی
درخواست پر سماعت،جسٹس سلطان تنویر احمد نے رجسٹرار آفس کو مرکزی کیس دس روز کے اندر سماعت کے لیے مقرر کرنے کی ہدایت کردی، شیخ امتیاز محمود و دیگران نے مؤقف اختیار کیا کہ حکومت نے 7 نومبر کو پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرانے کا عندیہ دیا ہے، تاہم یہ انتخابات غیر جماعتی بنیادوں پر کرائے جا رہے ہیں، بلدیاتی انتخابات کے لیے بیوروکریسی کو وسیع اختیارات دے دیے گئے ہیں جبکہ فنڈز کی بندر بانٹ بھی کی جا رہی ہے، عدالت سے استدعا ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات جماعتی بنیادوں پر کرانے کا حکم دیا جائے۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس خالد اسحاق نے میڈیکل کالجز کی جانب سے طلبہ و طالبات سے من مانی فیسیں وصول کرنے کا اقدام غیر قانونی قرار دیدیا،تحریری فیصلے میں عدالت نے قرار دیا کہ نجی میڈیکل کالجوں کی فیسوں کی زیادہ سے زیادہ حد مقرر کرنے کا اختیار پی ایم ڈی سی کا
ہے،عدالت نے نجی میڈیکل کالجوںکو فیسوں کے تعین اور وصولی میں پی ایم ڈی سی کے قواعد و ضوابط کا پابند قرار دے دیا،عدالت نے نجی میڈیکل کالجوں کی تینوں درخواستیں مسترد اور طلبہ کی 12 درخواستیں منظور کرلیں ،عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پی ایم ڈی سی کو نجی میڈیکل کالجوں کی فیسوں کی نگرانی اور زیادہ سے زیادہ حد مقرر کرنے کا قانونی اختیار حاصل ہے،نجی میڈیکل کالج طلبہ سے مقررہ حد سے زائد فیس وصول نہیں کرسکتے،فیصلہ کے مطابق اضافی وصول شدہ رقم واپس یا آئندہ فیس میں ایڈجسٹ کرنا ہوگی،پی ایم ڈی سی کے فیسوں سے متعلق تینوں نوٹیفکیشنز برقرار رکھے جاتے ہیں، نجی میڈیکل کالجوںکو فیسوں میں اضافے کا جواز اور آڈٹ شدہ مالی گوشوارے پی ایم ڈی سی کو فراہم کرنا ہوں گے، فیسوں کے تعین میں نجی میڈیکل کالجز کی کاروباری آزادی پی ایم ڈی سی کے قانونی ریگولیٹری اختیار سے بالاتر نہیں، عدالت نے اضافی فیسوں کی واپسی یا ایڈجسٹمنٹ سے متعلق طلبہ کے دعوے 30 ورکنگ دنوں میں نمٹانے کا حکم دیا ، عدالت نے واضح کیا کہ طلبہ کی جانب سے اضافی فیسوں کی واپسی یا ایڈجسٹمنٹ کے دعووں پر متعلقہ کالجوںکو کارروائی کرنا ہوگی،طلبہ کو فیسوں سے متعلق شکایات اٹھانے پر انتقامی کارروائی کا نشانہ نہیں بنایا جاسکتا خلاف ورزی پر توہین عدالت کی کارروائی ہوسکتی ہے،فیصلے کے مطابق میڈیکل کالجز کی فیس کی حد آئین کے خلاف نہیں اور میڈیکل تعلیم کو محض کاروبار نہیں بنایا جا سکتا،عدالتی فیصلے کے مطابق یونیورسٹی آف فیصل آباد کے میڈیکل کالج کو ہر طالب علم کو 8 لاکھ 41 ہزار روپے سے زائد جبکہ ایف ایم ایچ کالج لاہور کو ہر طالب علم کو 7 لاکھ 41 ہزار روپے سے زائد واپس کرنا ہوں گے،عدالت نے قرار دیا کہ کالجز پہلے خود کونسل سے رجوع کر چکے تھے، اس لیے اب فیس کی حد پر اعتراض کرنا درست نہیں۔

انسداد دہشتگردی عدالت کے جج منظر علی گل نے جناح ہاوس حملہ کیس میں فلک جاوید کی درخواست ضمانت پر16 نومبر تک ریکارڈ پیش کرنے کی مہلت دیدی دے دی، فلک جاوید کے وکیل پیش نہیں ہوئے ،عدالت نے ملزمہ کے وکیل کو ضمانت پر دلائل مکمل کرنیکی ہدایت دیدی۔

انسداد دہشت گردی عدالت نے 9مئی کیسوں میں حماد اظہر کے جوڈیشل ریمانڈ میں 24نومبر تک توسیع کردی ، حماد اظہر کی جانب سے جیل میں بی کلاس کی سہولت کے لیے درخواست دائر کی گئی ،حماد اظہر نے بیرک اور واش روم میں سی سی ٹی وی کیمروں کے خلاف بھی درخواست دیدی ،درخواست میں موقف اپنایا گیا کہ بیرک میں بیڈ، کرسی اور میز جیسی بنیادی سہولیات بھی میسر نہیں، جیل میں بی کلاس سہولیات کے تمام اخراجات خود برداشت کرونگا ،درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ بیرک میں دو سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہیں جو نجی زندگی اور بنیادی انسانی وقار کے منافی ہیں، جیل کی بیرک میں نصب دونوں کیمرے باتھ روم اور واش روم کی جگہ کو بھی واضح طور پر مانیٹر کرتے ہیں، بیرک میں سی سی ٹی وی کیمروں کی موجودگی کو حقِ پرائیویسی کی خلاف ورزی ہے، درخواست میں استدعا کی گئی کہ بیرک سے دونوں سی سی ٹی وی کیمرے ہٹانے کا حکم دیا جائے اور بی کلاس سہولیات فراہم کرنیکا حکم دیا جائے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ ماڈل ٹاؤن کچہری کے روبرو ڈیانا زیادتی کیس کی سماعت،عدالت نے ملزمان احمد تنویر اور ساتھی کو شہری کے اغوا مقدمے سے ڈسچارج کردیا ، شہری نے عدالت میں بیان دیاکہ اغوا اور تشدد مقدمے میں غلطی سے ملزمان کو شناخت کیا، ملزمان کی ضمانت اور بریت پر کوئی اعتراض نہیں ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button