latest newsPolitics

پاکستان پوسٹ میں مبینہ غیر قانونی بھرتیاں، مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے کو نیب کا دوسرا نوٹس

اسلام آباد: قومی احتساب بیورو (نیب) نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کے صاحبزادے اسعد محمود کو پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ میں مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کی تحقیقات کے سلسلے میں دوسرا طلبی نوٹس جاری کرتے ہوئے 13 نومبر کو پیش ہونے کی ہدایت کر دی۔

نیب راولپنڈی پاکستان پوسٹ آفس ڈیپارٹمنٹ کے افسران، ملازمین اور دیگر افراد کے خلاف مبینہ غیر قانونی بھرتیوں کی تحقیقات کر رہا ہے۔ اسعد محمود 2022 سے 2023 تک وفاقی وزیر برائے مواصلات و ڈاک خدمات رہے اور انہیں اپنے دورِ وزارت میں ہونے والی مبینہ بھرتیوں کے معاملے میں طلب کیا گیا ہے۔

اسعد محمود کو 10 نومبر کو نیب کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی، تاہم وہ پیش نہیں ہوئے اور اپنے وکیل کے ذریعے تحریری جواب جمع کرا دیا۔ نیب حکام نے جواب کو غیر تسلی بخش قرار دیتے ہوئے نیا نوٹس جاری کیا ہے، جس میں انہیں جمعہ کے روز صبح 11 بجے ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

نوٹس میں خبردار کیا گیا ہے کہ عدم پیشی کی صورت میں قومی احتساب آرڈیننس 1999 کی دفعہ 31 کے تحت قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔ نیب نے اس سے قبل بھی 5 نومبر کو اسعد محمود کو اسی معاملے میں طلب کیا تھا۔

نیب کے سابقہ نوٹس کے مطابق اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے پاکستان پوسٹ میں 3 ہزار 938 آسامیوں پر بھرتیوں کی اجازت دی تھی، تاہم مبینہ طور پر 4 ہزار 252 افراد کو بھرتی کر لیا گیا۔ تحقیقات میں 2 ہزار 646 ختم شدہ آسامیوں پر تقرریوں کی بھی نشاندہی کی گئی ہے، جو مبینہ طور پر کابینہ کمیٹی کی ہدایات کے خلاف تھیں۔

نیب کا مؤقف ہے کہ ٹیسٹنگ ایجنسی کے ذریعے کنٹریکٹ پر بھرتیوں کی سفارشات کے باوجود بڑی تعداد میں مستقل تقرریاں کی گئیں، جس سے محکمے پر اضافی مالی بوجھ پڑنے کا خدشہ ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button