entertanmentlatest newsShowbiz

فلمی میلے نوجوان فلم سازوں کو سیکھنے اور آگے بڑھنے کے مواقع فراہم کرتے ہیں: فیصل قریشی

کراچی: اداکار اور فلم ساز فیصل قریشی نے کہا ہے کہ فلمی میلے صرف فلمیں دیکھنے کا ذریعہ نہیں بلکہ فلم سازوں، فنکاروں اور شائقین کو ایک دوسرے سے ملنے، خیالات کے تبادلے اور فلم سازی کے عمل کو سمجھنے کا موقع بھی فراہم کرتے ہیں۔

ورلڈ کلچر فیسٹیول کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے فیصل قریشی نے کہا کہ فلموں کے شائقین ہر سال ایسے میلوں کا انتظار کرتے ہیں کیونکہ یہاں مختلف ممالک کے فلم ساز اپنے کام کی نمائندگی کے لیے شرکت کرتے ہیں، جس سے بامعنی مکالمے اور تبادلے کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ایسی تقریبات میں فلم سازوں کو یہ سمجھنے کا موقع ملتا ہے کہ فلمی منصوبوں کا آغاز کیسے ہوتا ہے اور فلم سازی کا عمل کن مراحل سے گزرتا ہے۔ ابتدائی مشاورت اور خیالات کا تبادلہ اس شعبے سے وابستہ افراد کے لیے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔

فیصل قریشی کے مطابق ایسے میلے نوجوانوں کی حوصلہ افزائی بھی کرتے ہیں۔ فلم سازی میں دلچسپی رکھنے والے نوجوان یہاں مختلف راستوں اور امکانات سے آگاہ ہوتے ہیں اور بہتر کام کرنے کے طریقے سیکھتے ہیں۔

اپنی فلم کی سنیما اور بعدازاں ورلڈ کلچر فیسٹیول میں نمائش کے بعد شائقین کے ردعمل اور سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگوں نے فلم کو پسند کیا۔ ہر فلم سب کو پسند نہیں آسکتی۔ انہوں نے مثال دیتے ہوئے کہا کہ فلم ’’دی اوڈیسی‘‘ دیکھنے کے بعد بھی بعض لوگ یہ سوال کرتے ہیں کہ انہوں نے کیا دیکھ لیا اور یہ کیسی فلم تھی۔ اس لیے ان کی فلم میں بھی خامیاں ہوسکتی ہیں اور کسی کا اسے پسند نہ کرنا کوئی غیر معمولی بات نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا نے ہر شخص کو اپنی رائے کے اظہار کا پلیٹ فارم فراہم کردیا ہے اور وہ تعریف کے ساتھ تنقید کا بھی خیرمقدم کرتے ہیں۔ بعض لوگوں نے فلم کو سراہا جبکہ کچھ کو پسند نہیں آئی، تاہم لوگوں کا اپنی رائے اور ردعمل کا اظہار کرنا اچھی بات ہے۔

آن لائن گردش کرنے والی تنقید کے جواب میں شیئر کی گئی اپنی ویڈیو کی وضاحت کرتے ہوئے فیصل قریشی نے کہا کہ ان کی ویڈیو کسی مخصوص شخص کے لیے نہیں تھی بلکہ انہیں موصول ہونے والے ایک پیغام کے جواب میں بنائی گئی تھی۔

واضح رہے کہ فیصل قریشی پاکستان کے معروف اور مقبول اداکاروں میں شمار ہوتے ہیں۔ انہوں نے 1992ء میں فلمی کیریئر کا آغاز کیا جبکہ ڈرامہ سیریل ’’بوٹا فرام ٹوبہ ٹیک سنگھ‘‘ (1999ء) میں مرکزی کردار سے انہیں نمایاں شہرت ملی۔ وہ اب تک 200 سے زائد منصوبوں میں کام کرچکے ہیں اور 20 سے زیادہ قومی سطح کے اعزازات حاصل کرچکے ہیں۔ انہوں نے 2017ء میں کنیکٹ اسٹوڈیوز کے ذریعے بطور پروڈیوسر بھی کام شروع کیا اور اپنا فلم پروڈکشن ہاؤس فیصل قریشی فلمز قائم کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button