پاکستانی کرپٹو صارفین کے تحفظ کیلئے ورچوئل اثاثہ جات الائنس قائم

کرپٹو اثاثوں کی چوری کے واقعات کے بعد پاکستانی کرپٹو صارفین کے تحفظ، سرمایہ کاروں کی آگاہی اور سائبر سکیورٹی تعلیم کے فروغ کے لیے ورچوئل اثاثہ جات الائنس آف پاکستان (ویپ) کے باضابطہ قیام کا اعلان کردیا گیا۔
اسلام آباد میں الائنس کے رہنماؤں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ ایشیا ویب تھری الائنس جاپان کی بانی ہنزہ آصف ویپ کی پہلی چیئرپرسن ہوں گی، جبکہ ایچ ٹی ایکس کے کنٹری منیجر سید احتشام حمدانی سینئر وائس چیئرمین کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔
اس موقع پر وائس چیئرمین احتشام حمدانی نے کہا کہ پاکستان کرپٹو اپنانے کے عالمی انڈیکس میں تیسرے نمبر پر ہے، تاہم ملک میں کرپٹو صارفین کی تعداد 2 کروڑ ہونے کا تخمینہ غیر مصدقہ ہے۔ الائنس کا منصوبہ کرپٹو صارفین سے متعلق مستند اعداد و شمار جمع کرنا بھی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ویپ پاکستانی کرپٹو صارفین کے تحفظ، سرمایہ کاروں میں شعور اجاگر کرنے اور سائبر سکیورٹی سے متعلق تعلیم کے فروغ کے لیے کام کرے گا۔
الائنس کے دیگر رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ویپ کرپٹو سے وابستہ اداروں، پلیٹ فارمز اور صارفین کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر اکٹھا کرے گا تاکہ پاکستان کی ورچوئل اثاثہ جات کی صنعت کو منظم اور مؤثر بنایا جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ الائنس جلد ہی جامعات میں کرپٹو کرنسی اور ورچوئل اثاثوں سے متعلق آگاہی مہم بھی شروع کرے گا۔



