پی ایس ڈی پی کے تحت مالی سال کے پہلے 4 ماہ میں 103 ارب 87 کروڑ روپے خرچ

رواں مالی سال کے پہلے چار ماہ (جولائی تا اکتوبر 2026ء) کے دوران پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (پی ایس ڈی پی) کے تحت 103 ارب 87 کروڑ روپے خرچ کیے گئے، جو سالانہ ترقیاتی بجٹ کا 10.38 فیصد بنتا ہے۔
وزارتِ منصوبہ بندی نے جولائی تا اکتوبر 2026ء کے ترقیاتی فنڈز کے اخراجات کی تفصیلات جاری کردی ہیں، جن کے مطابق پی ایس ڈی پی کے لیے مختص ایک ہزار ارب روپے کے سالانہ ترقیاتی بجٹ میں سے اب تک 103 ارب 87 کروڑ روپے استعمال کیے گئے ہیں۔
اعداد و شمار کے مطابق وزارتِ آبی وسائل کے منصوبوں پر 18 ارب 72 کروڑ روپے، وفاقی وزارتِ تعلیم کے منصوبوں پر 6 ارب 87 کروڑ اور وزارتِ صحت کے منصوبوں پر 6 ارب 60 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔
وفاقی وزارتوں کے ترقیاتی منصوبوں پر مجموعی طور پر 74 ارب 65 کروڑ روپے جبکہ صوبوں اور خصوصی علاقوں کے ترقیاتی منصوبوں پر 23 ارب 80 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔
اسی طرح ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) کے منصوبوں پر 4 ارب 71 کروڑ روپے، ریلوے کے ترقیاتی منصوبوں پر 4 ارب 65 کروڑ اور وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام کے منصوبوں پر ایک ارب 44 کروڑ روپے خرچ ہوئے۔



