کانگو میں بغاوت اور احکامات سے انکار پر 66 فوجیوں کو سزائے موت

ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو (ڈی آر کانگو) میں بزدلی، بغاوت اور فوجی احکامات کی خلاف ورزی کے الزامات میں کم از کم 66 فوجیوں کو سزائے موت سنا دی گئی۔
یہ سزائیں مشرقی ڈی آر کانگو کے صوبے شمالی کیوو کے علاقے والی کالی میں فوجی عدالت نے 71 اہلکاروں کے مقدمے کی سماعت کے بعد سنائیں۔ عدالتی کارروائی کے دوران چار فوجیوں کو باعزت بری کردیا گیا، جبکہ ایک اہلکار کو 10 سال قید کی سزا دی گئی۔
فوجی حکام کے مطابق اس مقدمے کا بنیادی مقصد مشرقی ڈی آر کانگو میں مسلح گروہوں کے خلاف لڑنے والے فوجیوں میں نظم و ضبط بہتر بنانا تھا۔
یہ خطہ کئی دہائیوں سے خانہ جنگی اور مسلح تنازعات کا شکار ہے، جہاں سرکاری افواج اور باغی گروہوں کے اتحاد کے درمیان شدید لڑائی جاری ہے، جس میں ایم 23 سمیت متعدد باغی گروہ شامل ہیں۔
اطلاعات کے مطابق ان فوجیوں کو 20 اکتوبر کو والی کالی سے گرفتار کیا گیا تھا۔ ان پر الزام تھا کہ انہوں نے باغیوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران اپنے مورچے چھوڑ دیے اور میدانِ جنگ سے فرار ہوگئے تھے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی اسی نوعیت کے الزامات کے تحت مزید 27 فوجیوں کو سزائے موت سنائی گئی تھی۔ ان پر الزام تھا کہ وہ باغیوں کے ساتھ لڑائی کے دوران اگلے مورچوں سے پیچھے ہٹ گئے تھے۔
ڈی آر کانگو کی حکومت نے مارچ 2024ء میں فوج کے اندر غداری اور فرار کے واقعات کے خلاف سخت کارروائی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سزائے موت پر عائد 20 سالہ پابندی ختم کردی تھی، جس کے بعد فوجی اہلکاروں کو سزائے موت سنانے کے ایسے فیصلے سامنے آرہے ہیں۔



