امریکی فوج کے سینئر اہلکار روس کے لیے جاسوسی کے الزام میں برطانیہ میں گرفتار

برطانوی انسدادِ دہشت گردی پولیس نے امریکی فوج کے ایک سینئر اہلکار کو روس کے لیے جاسوسی کے الزام میں گرفتار کرلیا۔
بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق 41 سالہ امریکی فوجی اہلکار کو منگل کے روز گلاسٹر کے قریب سے حراست میں لیا گیا۔ انسدادِ دہشت گردی پولیس لندن کے مطابق گرفتاری نیشنل سکیورٹی ایکٹ 2023 کی دفعات ایک اور تین کے تحت عمل میں لائی گئی۔
قانون کی دفعہ ایک خفیہ معلومات حاصل کرنے یا افشا کرنے، جبکہ دفعہ تین کسی غیر ملکی انٹیلی جنس سروس کی معاونت کرنے سے متعلق ہے۔
رپورٹ کے مطابق پولیس نے تحقیقات کے سلسلے میں گلاسٹر شائر میں دو مقامات پر تلاشی بھی شروع کردی ہے۔ انسدادِ دہشت گردی پولیس کا کہنا ہے کہ یہ گرفتاری کسی دوسری جاری تحقیقات سے منسلک نہیں۔
ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کاش پٹیل نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اہم گرفتاری جاسوسی کے ایسے الزامات سے متعلق ہے جو امریکا اور اس کے اتحادیوں کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہیں۔



