ایران کے مطالبات غیر حقیقت پسندانہ، تاہم امریکا سفارت کاری کے لیے تیار ہے: مارکو روبیو

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ ایران پر معاشی دباؤ کے اثرات ظاہر ہونا شروع ہوگئے ہیں اور امریکا تہران کو اپنی سرگرمیوں کے لیے مالی وسائل حاصل کرنے سے روکنے کی کوشش کر رہا ہے۔
پیرس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مارکو روبیو کا کہنا تھا کہ ایران کو اپنے جوہری پروگرام اور دہشت گردی کی مبینہ معاونت کے لیے مالی وسائل درکار ہیں، تاہم اس کے پاس جتنے کم وسائل ہوں گے، وہ اپنی سرگرمیوں پر اتنی ہی کم رقم خرچ کر سکے گا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ تنازع ختم کرنے کے لیے سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے پر تیار ہے، تاہم تہران کے مطالبات مکمل طور پر غیر حقیقت پسندانہ ہیں۔ واشنگٹن توقع کرتا ہے کہ ایران اپنے مطالبات میں لچک پیدا کرے گا، جس کے بعد سفارتی کوششوں کو آگے بڑھایا جا سکتا ہے۔
امریکی وزیر خارجہ نے مزید کہا کہ اگر معاشی اقدامات کے ذریعے مطلوبہ مقاصد حاصل ہو رہے ہیں تو امریکا کو ایران پر مزید فوجی حملے کرنے کی ضرورت نہیں۔



