سلمیٰ اعوان کی صدارت میں حلقہ ارباب ذوق کا تنقیدی اجلاس
عدنان بشیرکی نظم، شفق لاشاری کا مضمون اور عدیل برکی کی غزل کا میاب قرار پائیں

لاہور(شہزاد فراموش) حلقہ ارباب ذوق کے رواں سیشن کا 28واں تنقیدی اجلاس پاک ٹی ہاؤس میں سلمیٰ اعوان کی صدارت میں ہوا۔جوائنٹ سیکرٹری شہزاد فراموش نے گزشتہ اجلاس کی کارروائی پیش کی، اس کے بعد عدنان بشیر نے اپنی نظم عورت نامہ پیش کی۔

حاضرین کی طرف سے مثبت رائے آنے پر محترمہ صدر نے کہا کہ سبھی نے خوبصورت باتیں کیں میرا خیال ہے یہ اتنا کافی ہے عدنان کو کامیاب نظم کہنے پر مبارکباد۔ شفق لاشاری نے اپنا مضمون”چٹھیاں“ پیش کیا۔
جس پر حاضرین کی آراء آنے کے بعد سلمیٰ اعوان کا کہنا تھا کہ ان کی اس تحریر میں عام لوگوں کا لاہور نہیں بلکہ اشرافیہ کا لاہور ہے۔اس میں ساٹھ، ستر اور اسی کی دہائی کو محفوظ کیا گیا ہے۔یہ بڑا اہم کام ہے ان کو مبارکباد۔اس کے بعد عدیل برکی کی غزل پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ معنی اور موسیقیت کے لحاظ سے دونوں چیزیں اس میں موجود ہیں۔ مجھے یہ غزل اچھی لگی۔
بعد ازاں راولپنڈی سے مہمان شاعر ناصر علی ناصر نے اپنا کلام سنایا۔ سیکریٹری آفتاب جاوید نے قائد اعظم لائبریری میں اگلا اجلاس ”کتابوں کا طلسم ہوشربا“ کے عنوان سے کرانے کا اعلان کیا جس کی صدارت خورشید رضوی کرینگے۔اجلاس میں 56افراد نے شرکت کی۔



