پاکستان کے 39 کسانوں کا جرمن کمپنیوں کے خلاف موسمیاتی تباہی پر ہرجانے کا مقدمہ

2022 کے سیلاب سے فصلیں، مویشی اور گھر تباہ ہوئے، کاربن اخراج میں کردار ادا کرنے والی کمپنیوں کو ذمہ دار ٹھہرانے کی کوشش
جیکب آباد: سندھ کے ضلع جیکب آباد کے ایک گاؤں سے تعلق رکھنے والے کسان عبدالرحفیظ کھوسو کو جرمنی کے وسیع صنعتی علاقے یاد ہیں، جہاں وہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق ایک منفرد قانونی مقدمہ دائر کرنے کے سلسلے میں گئے تھے۔
43 سالہ عبدالرحفیظ کھوسو کا کہنا ہے کہ صنعتوں سے پھیلنے والی آلودگی کی کوئی سرحد نہیں ہوتی اور فضا میں موجود آلودگی دنیا کے کسی بھی حصے کو متاثر کرسکتی ہے۔ ان کے بقول یہ پوری دنیا کا مسئلہ ہے، جس کا حل بھی عالمی سطح پر تلاش کیا جانا چاہیے۔
کھوسو اور سندھ کے 38 دیگر کسانوں نے جرمنی کی توانائی کمپنی آر ڈبلیو ای (RWE) اور سیمنٹ ساز ادارے ہائیڈل برگ میٹریلز (Heidelberg Materials) کے خلاف ہرجانے کا مقدمہ دائر کیا ہے۔ ان کسانوں کا مؤقف ہے کہ 2022 کے تباہ کن سیلاب نے ان کی فصلوں، مویشیوں اور گھروں کو شدید نقصان پہنچایا، جس میں ان کمپنیوں کے موسمیاتی تبدیلی کا سبب بننے والے کاربن اخراج کا بھی کردار ہے۔
یہ مقدمہ پاکستان میں کمپنیوں کے مخصوص صنعتی آپریشنز کے خلاف نہیں بلکہ عالمی سطح پر ان کے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کی بنیاد پر دائر کیا گیا ہے۔ دونوں کمپنیاں جرمنی میں قائم ہیں، جہاں گزشتہ برس ایک عدالتی مقدمے کے فیصلے نے موسمیاتی نقصان کے ازالے کے لیے ایسے دعوؤں کی راہ ہموار کی تھی۔
درخواست گزاروں کا مؤقف ہے کہ ان کمپنیوں کے اخراج نے موسمیاتی تبدیلی میں حصہ ڈالا اور شدید بارشوں کی شدت میں اضافہ کیا، جس کے نتیجے میں ان کی فصلیں، مویشی اور رہائش گاہیں تباہ ہوئیں۔
اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالرحفیظ کھوسو نے کہا کہ 2022 کا سیلاب قیامت خیز منظر تھا، ان کے بزرگوں نے بھی اپنی زندگی میں ایسا موسم نہیں دیکھا تھا۔ ان کے بقول اس تباہی کے بعد ان کے پاس کچھ باقی نہیں بچا تھا۔ کھوسو اپنی اہلیہ اور کم عمر بچے کے ساتھ ضلع جیکب آباد میں رہتے ہیں۔
کسانوں نے اندازہ لگایا ہے کہ عالمی صنعتی اخراج میں آر ڈبلیو ای کا حصہ 0.68 فیصد جبکہ ہائیڈل برگ میٹریلز کا حصہ 0.12 فیصد ہے۔ تاہم دونوں کمپنیوں نے الزامات مسترد کرتے ہوئے کسی بھی غلطی یا ذمہ داری سے انکار کیا ہے۔
اس مقدمے کو پاکستان اور یورپ کی مختلف تنظیموں کی حمایت حاصل ہے، جن کا مقصد متاثرہ کسانوں کے لیے معاوضہ حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ بڑی کمپنیوں کو موسمیاتی تباہی کا ذمہ دار ٹھہرانے کی عالمی کوششوں کو آگے بڑھانا ہے۔
پاکستانی فلاحی ادارے ہینڈز (HANDS) کے ترقیاتی امور کے ماہر میر کیریو کا کہنا ہے کہ قدرتی آفات کا ذمہ دار عموماً قدرتی عوامل کو ٹھہرایا جاتا ہے اور بعض اوقات لوگ اسے خدا کی طرف منسوب کردیتے ہیں، لیکن سائنس بتاتی ہے کہ موسمیاتی تبدیلی شدید موسمی واقعات کے خطرات اور شدت میں اضافہ کر رہی ہے۔
ان کے مطابق اس بحران میں نمایاں کردار ادا کرنے والوں کو جواب دہ ہونا چاہیے، اسی لیے متاثرہ کسانوں نے موسمیاتی انصاف کی جدوجہد بڑے آلودگی پھیلانے والوں تک پہنچانے کا فیصلہ کیا۔
دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی سے متعلق قانونی مقدمات کی تعداد بڑھ رہی ہے، تاہم اب تک زیادہ تر کارروائیاں حکومتوں کے خلاف کی گئی ہیں۔ شیل اور سیمنٹ ساز کمپنی ہولسِم سمیت چند بڑی کمپنیوں کو بھی موسمیاتی تباہ کاریوں کے معاوضے کے دعوؤں کا سامنا ہے۔
قانونی ماہرین کے مطابق اگر کسی کمپنی کو اس کے گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج کے تناسب سے ہرجانہ ادا کرنے کا پابند قرار دیا گیا تو یہ موسمیاتی انصاف کی جدوجہد میں ایک بڑی پیش رفت ہوگی۔
جرمنی کی عدالتوں نے گزشتہ برس پیرو کے ایک کسان کی جانب سے آر ڈبلیو ای کے خلاف دائر مقدمے میں اس اصول کی جانب پیش رفت کی تھی۔ اگرچہ کسان کا ہرجانے کا دعویٰ مسترد کردیا گیا، تاہم عدالتوں نے آلودگی پھیلانے والی کمپنیوں کو ذمہ دار ٹھہرانے کا امکان برقرار رکھا۔
جرمن وکیل روڈا فیرہائن، جو دونوں مقدمات سے وابستہ ہیں، نے اے ایف پی کو بتایا کہ پاکستانی کسانوں کا مقدمہ اسی عدالتی فیصلے کی بنیاد پر آگے بڑھایا گیا ہے۔ اس میں کمپنیوں پر غیر ذمہ دارانہ طرزِ عمل اختیار کرنے کا الزام بھی عائد کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ بڑی کمپنیوں کو 1960 کی دہائی سے موسمیاتی تبدیلی کے عمومی اثرات کا علم تھا۔ انہیں احتیاطی ذمہ داری پوری کرتے ہوئے اپنے اخراج میں کمی کے لیے مناسب اقدامات کرنے چاہئیں تھے، لیکن ان کے بقول انہوں نے اس حوالے سے کافی کوشش نہیں کی۔
مقدمے میں 2022 کے سیلاب سے کسانوں کو پہنچنے والے نقصانات سے متعلق تحقیقی شواہد بھی شامل کیے گئے ہیں۔ اس سیلاب نے پاکستان کے تقریباً ایک تہائی حصے کو متاثر کیا تھا، جس میں 1700 افراد جاں بحق اور 3 کروڑ افراد متاثر ہوئے تھے۔
سندھ کے ایک قدامت پسند علاقے میں زمین کی ملکیت رکھنے والی خاتون کسان منور خاتون نے بتایا کہ سیلاب گندم کی فصل کی کٹائی سے عین پہلے آیا، جس سے بیج پانی میں ڈوب گئے اور ان کے خاندان کی آمدنی کا بنیادی ذریعہ تباہ ہوگیا۔
43 سالہ منور خاتون نے اے ایف پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ صورتحال جاری رہی تو انہیں فکر ہے کہ آنے والی نسلیں کس طرح زندگی گزار سکیں گی۔ اب بارشوں کا موسم آتے ہی ان کے خاندان میں خوف پیدا ہوجاتا ہے۔
قریبی ضلع دادو سے تعلق رکھنے والے ایک اور درخواست گزار عبدالخالق لغاری کا کہنا ہے کہ سیلاب کے اثرات کئی برس گزرنے کے باوجود ختم نہیں ہوئے۔ 55 سالہ کسان کے مطابق وہ آج تک اپنے قرضے واپس نہیں کرسکے۔
انہوں نے اندازہ لگایا کہ سیلاب میں ان کے گھر، 40 ایکڑ فصلوں اور مویشیوں سمیت تقریباً 14 ہزار ڈالر مالیت کے اثاثے تباہ ہوئے۔ ان کا کہنا تھا کہ صبح اٹھتے ہی قرض خواہوں کی فون کالز شروع ہوجاتی ہیں۔ انہوں نے تباہ حال مکانات کی باقیات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس صورتحال نے انہیں شدید ذہنی اذیت سے دوچار کر رکھا ہے۔
آر ڈبلیو ای اور ہائیڈل برگ میٹریلز دونوں نے مقدمے میں عائد الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
ہائیڈل برگ میٹریلز نے اے ایف پی کو بتایا کہ اس کے تمام آپریشنز جرمنی کے قوانین کے مطابق ہیں اور کمپنیوں سے یہ توقع نہیں کی جا سکتی کہ انہیں ماضی میں کیے گئے کاموں پر بعد ازاں مختلف قانونی معیارات کے تحت جواب دہ بنایا جائے۔
آر ڈبلیو ای نے اے ایف پی کو اپنے ایک بیان کی طرف رجوع کرنے کا کہا، جس میں مقدمے کو موسمیاتی پالیسی کے مطالبات جرمن عدالتوں میں منتقل کرنے کی ایک اور کوشش قرار دیا گیا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ تضاد ہوگا کہ ریاست ایک طرف کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج کی اجازت دے، اسے قانون کے ذریعے منظم کرے اور بعض صورتوں میں اس کا تقاضا بھی کرے، لیکن دوسری جانب اسی اخراج پر ماضی سے لاگو ہونے والی شہری قانونی ذمہ داری بھی عائد کردی جائے۔



